اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) وزیراعظم عمران خان نے پاکستان پوسٹ کے ذریعے ترسیلات زر بھجوانے کی سکیم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پہلا سال ہمارے لئے مشکل تھا، خسارا تھا،ہم نے اپنی معیشت کو مستحکم کرنے کی کوششکی، 2020ء پاکستان کی ترقی کا سال ہوگا،ترقی کیلئے مائنڈ سیٹ تبدیل کریں گے ، اوورسیز پاکستانی اثاثہ ہیں، اوورسیز پاکستانیوں کیلئے مزید آسانیاں پیدا کررہے ہیں، سمندرپار پاکستانیوں کو سپیشل کارڈ، ان کے خاندانوں کو صحت کارڈ دیں گے ۔انہوں نے کہا جتنی اچھی جمہوریت ہوگی، اتنی ہی اچھی حکومت ہوگی، ہم جمہوریت سے بادشاہت کی طرف چلے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری دفاترز میں جاؤ تو ہمارے افسران ایسے بیٹھے ہوتے ہیں جو بھی آئے ، وہ غلام ہیں، یہ انگریز کے دور کا مائنڈ سیٹ بنایا ہوا ہے ، وہ یہ نہیں سمجھتے کہ ہم عوام کے پیسے پر دفاترز میں بیٹھے ہوئے ہیں،یہ مائنڈ سیٹ آہستہ آہستہ تبدیل ہوجائے گا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے نئے آئی جی پولیس کو کہا ہے کہ ہر ضلع میں تھانوں میں لوگوں کی زندگی آسان بنائی جائے ، پولیس کلچر تبدیل کیا جائے ، سسٹم میں دبی عوام جیسے ہی کھڑی ہوتی جائے گی تو پھر تیزی سے تبدیلی آئے گی، مدینہ کی ریاست کی بات کرتے ہیں تو مدینہ کی ریاست پہلے دن نہیں بن گئی تھی، نبی پاک ﷺ نے پہلے لوگوں کی سوچ بدلی تھی۔علاوہ ازیں وزیراعظم سے سعودی عرب کے التمیمی گروپ آف کمپنیز کے چیئرمین شیخ طارق علی عبداﷲ التمیمی نے ملاقات کی۔