جدہ، اسلام آباد ( نیوزایجنسیاں )وفاقی حکومت کی جانب سے احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کی حمایت پر وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے تحفظات کا اظہار کردیا ۔جدہ میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے فواد چودھری کا کہنا تھا جب معاملہ عدلیہ اور ن لیگ کے درمیان ہے تو حکومت کیوں جج ارشد ملک کے بیان کی حمایت میں پریس کانفرنس کر رہی ہے ۔ وزراکو ان معاملات پر نہیں بولنا چاہیے ، یہ غلط ہے ۔ فواد چودھری نے کہا سابق حکومتوں نے جو 10 سال میں قرض لیا وہ لگا کہاں؟ دوست ممالک سعودی عرب اور چین کے تعاون سے پاکستان کو مشکلات سے نکال رہے ہیں۔ حکومت انڈسٹری قائم کرنے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ نوجوانوں کو روزگار ملے ۔سعودی عرب میں پاکستانی قیدیوں کی رہائی سے متعلق قوم بہت جلد خوشخبری سنے گی۔ دریں اثناء فواد چودھری نے عمرہ کے دوران غلاف کعبہ سے لپٹے ہوئے تصویر ٹویٹ کر دی ۔ انہوں نے کہاخدائے بزرگ و برتر نے اس سال تیسری بار اپنے گھر کی زیارت نصیب کی۔فواد چودھری نے کہا وزیر اعظم کے وسیلہ سے روضہ حبیب ؐ اور کعبہ کے اندر جانے کی بھی خوش نصیبی ملی۔ خدا سے ملک و قوم کی سلامتی اور امن عالم کی دعا ہے ۔فواد چودھری نے کہاعرش و ارض کا مالک ہمیں اپنی رحمت میں رکھے ۔