لاہور (نامہ نگارخصوصی) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مامون رشید شیخ نے کہا ہے عدالتی نظام کسی قسم کی کی کوتاہی برداشت کرنے کا متحمل نہیں ہو سکتا، ججز دباؤ میں آئے بغیر بہترین انصاف فراہم کریں۔ پنجاب جوڈیشل اکیڈمی میں تربیتی کورس کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ججز کے لئے ضروری ہوتا ہے کہ وہ ہر مسئلے پر نظر رکھیں، نئے نئے قوانین اوران میں ہونے والی ترامیم سے اپ ٹو ڈیٹ رہنا ججز کے لئے ضروری ہے ، ہمارے لئے باعثِ فخر ہے کہ ہمارے ججز اپنی استعداد کار سے بڑھ کر کام کرتے ہیں، ہماری بھرپور کوشش ہے کہ جوڈیشل افسران کے لئے اندرون و بیرون ملک تعلیمی سکالرشپس شروع کرائیں تاکہ ججز کو سیکھنے کے مزید مواقع میسر آ سکیں۔پاکستان سمیت پوری دنیا میں موسمیاتی تغیرات سے لوگوں کی زندگیاں شدید متاثر ہورہی ہیں، پاکستان میں بھی ہماری روزمرہ زندگیوں پر موسمیاتی تبدیلیاں اثرانداز ہو رہی ہیں اور پانی کی کمی اور آب و ہوا سمیت دیگر مسائل کی وجہ سے لوگ ہجرت پر مجبور ہیں۔اختتامی تقریب سے ڈی جی پنجاب جوڈیشل اکیڈمی حبیب اﷲ عامر، تربیتی کورس مکمل کرنے والے ایڈیشنل سیشن ججز اور سول ججز کے نمائندوں نے بھی خطاب کیا،تقریب کے اختتام پر چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ مامون رشید شیخ نے تربیتی کورس مکمل کرنے والے جوڈیشل افسران میں اسنادتقسیم کیں۔