اسلام آباد(خبر نگار)اعلیٰ عدلیہ کے ججوں کے احتساب کے فورم سپریم جوڈیشل کونسل نے سپریم کورٹ کے جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور سندھ ہائی کورٹ کے جج جسٹس کے کے آغا کیخلاف صدارتی ریفرنس میں مزید کارروائی کا فیصلہ کرتے ہوئے دونوں معزز جج صاحبان کو اظہار و جوہ کے نوٹس جاری کردیئے ہیں۔انتہائی باوثوق ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ 12جولائی کو تیسرے اجلاس کے دوران سپریم جوڈیشل کونسل نے پہلے مرحلے کی کارروائی مکمل کرنے کے بعد معاملے میں مزید کارروائی کرنے کا فیصلہ کیاگیا اور دونوں معزز جج صاحبان سے باقاعدہ تحریری تفصیلی جواب طلب کرلیا۔ذرائع کے مطابق سپریم جوڈیشل کونسل کے گزشتہ اجلاس میں اٹارنی جنرل کے جواب الجواب کے بعد مزید کارروائی کرنے یا نہ کرنے کے بارے فیصلہ محفوظ کیا تھا اور جائزہ لینے کے بعد 16جولائی کو دونوں جج صاحبان کو نوٹسز جاری کئے گئے ۔ذرائع کے مطابق جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کوریفرنسز دائر کئے جانے کے بعد صدر مملکت کو خطوط لکھنے کے معاملے پر بھی نوٹس جاری کیا گیا ہے ۔ذرائع کے مطابق صدر مملکت کو خطوط لکھنے کے معاملے میں ایک پر ائیوٹ پرسن نے سپریم جوڈیشل کونسل میں شکایت دائر کی تھی جس پر کونسل نے فاضل جج کو نوٹس جاری کیا ۔