سکھر،راولپنڈی( 92 نیوزرپورٹ،نیوزایجنسیاں)بے نامی اکاؤنٹس کیس میں گرفتارنوڈیرو ہاؤس کے ملازم ندیم بھٹو کوپانچ روزہ راہداری ریمانڈپرنیب کے حوالے کردیا گیا۔نیب ٹیم نے ملزم کوسخت پہرے میں سکھر کی احتساب عدالت میں پیش کیا تاہم احتساب عدالت کے جج کے چھٹی پر ہونے کے باعث اسے سیشن کورٹ سکھر لے جاکرسیشن جج محمد امجد بوھیو کی عدالت میں پیش کیا، نیب ٹیم نے عدالت سے ملزم کا راہداری ریمانڈ دینے کی درخواست کی جو عدالت نے منظور کرتے ہوئے نیب کو اس کا 5 روزہ راہداری ریمانڈ دیدیا۔دوسری جانب نیب نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں سابق صدر آصف زرداری کے لیگل ایڈوائزر ابوبکرزرداری کو آج طلب کرلیا جبکہ ابوبکر نے گرفتاری کے ڈر سے ضمانت کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا ۔ درخواست میں انہوں نے موقف اختیار کیا خدشہ ہے نیب پیشی پر گرفتارکرلے گا، نیب کو گرفتاری سے روکا اور ضمانت قبل ازگرفتاری منظورکی جائے ۔نیب نے ابوبکر پر11 آرمڈ و ہیکلز منگوانے اور جعلی اکاؤنٹس سے ادائیگی کا الزام لگایاہے ۔ اسلام آباد(نامہ نگار،مانیٹرنگ ڈیسک)چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے نیب میں مقدمات سالہا سال تک نہیں چلیں گے ۔پراسیکوشن ڈویثرن ، آپریشن ڈویثرن اورتمام ریجنل بیوروز کے ڈائریکٹر جنرلز میگا کرپشنمقدمات کے علاوہ زیر التواء مقدمات خصوصاََ انکوائریوں اور انوسٹی گیشنز کو قانون کے مطابق پہلے سے طے شدہ وقت کے اندرمنطقی انجام تک پہنچائیں اور پیش ہونے والے افراد کی عزت نفس کا قانون کے مطابق خیال رکھیں۔چئیرمین نیب کے زیرصدارت ہیڈ کوارٹرز میں اجلاس ہواجس میں نیب کے آپریشن وپراسیکیوشن ڈویژن کی کارکردگی خصوصاََ میگا کرپشن مقدمات پر اب تک کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ چئیرمین نیب نے کہا ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد سختی سے ہدایت کی تھی کہ 179میگا کرپشن مقدمات کو قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچایا جائے ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ چئیرمین نیب کے احکامات کی روشنی میں ہیڈکوراٹرز اور تمام علاقائی بیوروز نے میگا کرپشن مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے حوصلہ افزاء کاوشیں کی ہیں اور 179 میگا کرپشن مقدمات میں سے 105 بدعنوانی کے ریفرنس متعلقہ احتساب عدالتوں میں جمع کرائے جاچکے ہیں جن پر قانون کے مطابق کاروائی جاری ہے ۔چئیرمین نیب نے کراچی کے ڈپٹی ڈائریکٹر محمد ندیم ساجد کو تین ماہ کیلئے معطل کر دیا۔ نیب اعلامیہ کے مطابق انہیں فرائض سے غفلت برتنے پر ایمپلائز ٹرمز اینڈ کنڈکٹ آف سروسز 2002 سکیشن 11۔04 کے تحت معطل کیا گیا۔