لاہور،اسلام آباد (اپنے نیوز رپورٹر سے ،نامہ نگار،این این آئی) احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں پنک ریذیڈنسی ریفرنس کی سماعت کے دور ان آئندہ سماعت دو اگست کو تمام ملزمان کی حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کردی ۔دور ان سماعت عبدالغنی مجید ،آفتاب میمن، شبیر بمبارٹ، عبدالجبار میمن کو اڈیالہ جیل سے لاکر پیش کیاگیا تاہم علی ریاض، زین ملک، محمد علی، ممتاز علی میمن عدالت میں پیش نہ ہو ئے ،عدالت نے ملزمان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی۔احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں گرفتار ملزم سجاد عباسی کوسات روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا ۔احتساب عدالت نے جعلی اکاؤنٹس کیس ہریش کمپنی/ ٹھٹھہ واٹر سپلائی ریفرنس کی سماعت 2 اگست تک ملتوی کر دی ۔ ملزمان اعجاز میمن، اطہر نواز،عبدالحلیم میمن، محمد فرخ خان، محمد رمضان، محمد صدیق، ذیشان حسن یوسف اور مناہل مجید عدالت میں پیش نہ ہو سکے ،ملزمان کے وکلاء کی جانب سے حاضری سے استثنی کی درخواست منظور کر لی گئی۔احتساب عدالت لاہور کے جج چودھری امیر محمد خان نے این آئی سی ایل میں کروڑوں روپے کی کرپشن کے کیس کے مرکزی ملزم ایاز خان نیازی کو کراچی سے لاہور طلب کر لیا۔احتساب عدالت لاہور نے ماڈل ہاؤسنگ انکلیو سکینڈل میں 2 ارب سے زائد کی کرپشن کے کیس میں ملزم فرہان چیمہ اور سلیم اشتیاق کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 14 روز توسیع کر دی۔ احتساب عدالت لاہور نے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی میں غیر قانونی ٹھیکہ دینے سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران تین ملزمان رانا محمد عارف، محمد رضوان اور خالد مجید کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 14 روز کی توسیع کر دی۔ احتساب عدالت نے گجرات پولیس کرپشن سکینڈل میں ملوث سابق ایس پی محمد ریاض کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرکے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا،ایس پی محمد ریاض نے نیب کی تحویل میں 27 روزہ جسمانی ریمانڈ کاٹا۔