لاہور(سٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی پی پی 160 کا بڑھتی ہوئی مہنگائی اور سبزی کی غیر متوازن قیمتوں کے خلاف انوکھا احتجاج کیا گیا جس میں قرعہ اندازی کے ذریعہ شہریوں کو ٹماٹر تقسیم کئے گئے ۔احتجاج میں جماعت اسلامی کے رہنما احمد سلمان بلوچ ،ملک زونیر ، میاں ریاض ، کائنات ملک ، انعم رؤف ، محمد طارق نے شرکت کی ۔احتجاج میں قیمتی ٹماٹروں کی قرعہ اندازی بھی کی ۔قرعہ اندازی میں نام آنے پر شہریوں میں ٹماٹر تقسیم کیے گئے ۔احتجاج میں قرعہ اندازی کے ذریعے ٹماٹر ملنے پر شہریوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے ۔اس موقع پر سلمان بلوچ نے کہا کہ مہنگائی نے عوام کا جینا محال کر رکھا ہے ۔حکومت کامیابی سے مہنگائی کو بڑھانے میں مگن ہے ۔ گوشت ، دالوں کے بعد سبزیاں بھی عوام کی پہنچ سے دور کر دی گئی ہیں وزیر اعظم اقتدار کے نشے سے نکل کر عوام کے حقیقی مسائل حل کریں۔