کراچی(این این آئی)وزارت صنعت و پیداوار کے ماتحت ادارے پاکستان جیمز اینڈ جیولری ڈیولپمنٹ کمپنی (پی جی جی ڈی سی ) کے ملازمین تین ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں جبکہ ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کیلئے ڈیڑھ کروڑ روپے کی رقم وفاقی کابینہ سے منظوری کی منتظر ہے ۔تفصیلات کے مطابق ملک میں قیمتی پتھروں، جواہرات وزیورات کے فروغ کے ادارے پی جی جی ڈی سی کے حالات فروری2018سے خراب ہیں جہاں ادارے کا دو ارب روپے مالیت کا پی سی ون نہ صرف پی ایس ڈی پی سے منظوری کے بعد پلاننگ کمیشن میں حتمی منظوری کیلئے زیر التوا ہے بلکہ ادارے کے 180سے زائد ملازمین بھی گزشتہ 3 ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں۔اس ضمن میں ذرائع نے بتایا ہے کہ وزارت صنعت و پیداوار نے غیر ترقیاتی اخراجات سے ان ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی کیلئے ڈیڑھ کروڑ روپے کی منظوری دی ہے جس کی حتمی منظوری وفاقی کابینہ سے لی جانی ہے ،اگر 30جون سے قبل وفاقی کابینہ نے ادارے کے ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی کیلئے اس فنڈکی منظوری نہ دی تو یہ فنڈ مالی سال ختم ہونے پر خود بخود ختم ہوجا ئیگا۔