لاہور/ساہیوال/ چیچہ وطنی (نیوز رپورٹر، ڈسٹرکٹ رپورٹر، نمائندہ 92 نیوز )لاہورسے کراچی جانے والی جناح ایکسپریس کی ڈائننگ کار میں ساہیوال ریلوے سٹیشن کے قریب ہڑپہ ریلوے سٹیشن پر اچانک بھڑک اٹھی جس کو ٹرین سے فوری طور پر الگ کر دیا گیا، ڈائننگ کار مکمل جل کر راکھ ہوگئی جبکہ عملہ اور دیگر مسافر محفوظ رہے تاہم ٹرینوں کی آمد ورفت بھی مذکورہ سیکشن پر معطل ہو گئی ۔آگ لگنے سے عملے میں افراتفری پھیل گئی اور انہوں نے چھلانگیں لگا کر اپنی جانیں بچائیں، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو کی چار ٹیمیں اور ڈپٹی کمشنر ساہیوال زمان وٹو موقع پر پہنچ گئے ،ریسکیو نے آدھے گھنٹے کی کارروائی کے بعد آگ پر قابو پالیا بوگی کو ہڑپہ سٹیشن پر اضافی ٹریک پر کر کے ٹریک کو ٹرینوں کی آمد و رفت کے لئے بحال کر دیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ا ٓگ گیس سلنڈر کی لیکیج کے باعث لگی جس سے ریلوے کو کروڑوں روپے کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا ،ریلوے حکام نے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے ۔