اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) چیئر مین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات نے جمعرات کوایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا الوداعی دورہ کیا۔ پاک فضائیہ کے ترجمان کے مطابق چیئر مین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے پا ک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان سے اُن کے آفس میں الوداعی ملاقات کی۔ چیئر مین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کی تینوں افواج کے درمیان مشترکہ و مربوط کاوشوں کو اجاگر کرنے پر پاک فضائیہ کے سربراہ نے ان کا شکریہ ادا کیا۔ چیئر مین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے پاک فضائیہ کی جنگی تیاریوں اور جدید ٹیکنالوجی کے حصول کیلئے جاری پروگراموں پر اطمینان کا اظہار کیا۔قبل ازیں ائیر ہیڈ کوارٹرزآمد پرائیر چیف نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔ پاک فضائیہ کے چاق وچوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔ معزز مہمان نے پاک فضائیہ کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کیلئے یاد گارِ شہدا پر پھولوں کی چاد ر بھی چڑھائی۔