لاہور (جنرل رپورٹر )جنرل ہسپتال میں انفیکشن کی روک تھام کے لئے ’’انفیکشن سے پاک ‘‘ہفتہ کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کی مہمان خصوصی چیئرپرسن بورڈ آف کمیشن پنجاب ہیلتھ کئیر کمیشن پروفیسر ڈاکٹر عطیہ مبارک تھیں۔ تقریب کے انعقاد کا مقصد لوگوں میں شعور کی بیداری اور ہسپتالوں میں انفیکشن سے پاک ماحول فراہم کرنا تھا۔ پرنسپل پی جی ایم آئی نے بتایا کہ ایل جی ایچ میں انفیکشن فری کلچر کا پروان چڑھانے کے لئے ایک جامع پلان ترتیب دیا گیا ہے جس میں تمام سٹیک ہولڈرز کی خدمات سے استفادہ کیا جائے گا تاکہ2020 جنرل ہسپتال میں انفیکشن فری سال کے طور پر منایا جا سکے ۔ یہ اعلان پروفیسر ڈاکٹرسردار الفرید ظفر نے پروفیسر ڈاکٹر عطیہ مبارک کی زیر صدارت انفیکشن سے پاک ہفتہ کے اختتام پر اسناد تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز کے ا یگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود،پروفیسر ثاقب صدیق، پروفیسر غیاث النبی طیب،پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل،پروفیسرجودت سلیم،ایم ایس ڈاکٹر محمود صلاح الدین سمیت ڈاکٹر،نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ تقریب کی مہمان خصوصی پروفیسر ڈاکٹر عطیہ مبارک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انفیکشن کو کنٹرول کرنا مشکل کام نہیں اس کے لئے ضروری ہے کہ مریضوں میں زیادہ سے زیادہ آگاہی اور ٹیم ورک کے ساتھ کام کیا جائے ۔