ملتان(سپیشل رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک،صباح نیوز)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت نے پاکستان کو بلیک لسٹ میں دھکیلنے کیلئے فیٹف پر اثرانداز ہونے کی ناکام کو شش کی، امید ہے فیٹف کی گرے لسٹ سے جلد باہر نکل آئیں گے ۔افغانستان سے امریکی افواج کے انخلا کے بعد خانہ جنگی ہوئی توپاکستان بھی متاثر ہوگا، پاکستان کا امن افغانستان کے امن سے جڑا ہے ،30 لاکھ افغان مہاجرین پہلے ہی پاکستان میں موجود ہیں ، مزید بوجھ نہیں اٹھا سکتے ۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا مسلم لیگ ن دور میں پاکستان کو فیٹف کی گرے لسٹ میں ڈالا گیا تھا، فیٹف کی جانب سے 27 نکاتی ایکشن پلان دیا گیا تھا جسکے 26 نکات پر عملدرآمد کیا جا چکا ہے ۔ کچھ قوتیں فیٹف کو سیاسی طور پراستعمال کررہی ہیں۔ بھارت نے فیٹف کو سیاسی طورپراستعمال کیا۔وزیرخارجہ نے کہا افغانستان سے امریکی افواج کے انخلا سے خانہ جنگی بڑھنے کا خدشہ ہے افغان خانہ جنگی سے پاکستان بھی متاثر ہوگا۔چاہتے ہیں افغان مہاجرین کی پاکستان سے باعث واپسی ہو۔شرپسند عناصر افغانستان سمیت پاکستان میں افراتفری پھیلانا چاہتے ہیں، مسلح افواج نے دہشتگردی کا جوانمردی سے مقابلہ کیا۔انہوں نے کہاجنوبی پنجاب کے لوگوں کے ساتھ وعدہ کیا انکا علیحدہ سالانہ ترقیاتی پروگرام ہوگا۔ جنوبی پنجاب کے 11 اضلاع کے لیے 189 بلین کا سالانہ ترقیاتی پروگرام مختص کیا گیا ، اگست میں جنوبی پنجاب ملتان کے سیکرٹریٹ کا کام شروع ہو جائے گا، بہاولپور سیکرٹریٹ کی زمین کا فیصلہ بھی ہوگیا۔ امید ہے ہم اب جنوبی پنجاب کی بہتری اور ترقی کی طرف بڑھیں گے ۔قبل ازیں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیرخارجہ نے کہا جنوبی پنجاب کیلئے 33 فیصد علیحدہ بجٹ مختص ہونا بارش کا پہلا قطرہ ہے ،اس سے خطے کے احساس محرومی کے ازالے کا آغاز ہوگا۔وسیب کی تقدیر بدلنے کیلئے اختیارات کا جنوبی پنجاب منتقل ہونا ضروری ہے ۔جنوبی پنجاب کے ہر شہر اور قصبے کی یکساں ترقی پی ٹی آئی کا ایجنڈا ہے ۔جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے کا مطالبہ تمام تعصبات سے بالاتر ہے ، تحریک انصاف عوام سے جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے کا وعدہ نبھائے گی، علیحدہ صوبے کا قیام خطے کی تیز ترین ترقی کا پیش خیمہ ثابت ہو گا۔جنوبی پنجاب کے ترقیاتی بجٹ کا ایک پیسہ بھی ضائع نہیں ہونے دیا جائیگا۔ دریں اثناضلع ملتان کے نئے مالی سال کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے پلاننگ شروع کر دی گئی۔اس سلسلے میں ڈی سی آفس میں ڈسٹرکٹ کورآرڈی نیشن کمیٹی کا اجلاس وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس کو واسا، ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے منصوبے بارے بریفنگ دی گئی۔شاہ محمود قریشی نے کہا وزیر خزانہ پنجاب آئندہ جنوبی پنجاب کے منصوبوں کے حوالے سے اجلاس ملتان اور بہاولپور میں منعقد کریں گے ۔ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل انکی اولین خواہش ہے ۔