لاہور(میاں رؤف)جنوبی پنجاب کے پولیس افسروں کی کارکردگی کو تسلسل کے ساتھ مانیٹرنگ کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ پنجاب نے پولیس حکام اور ملازمین کے لئے احکامات جاری کر دئیے ۔ ذرائع کے مطابق ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ پنجاب انعام غنی نے حکومت پنجاب کی ترجیحات پر پورا اترنے کی غرض سے ایس او پیز وضع کر دئیے ۔ جن پر عمل درآمد کرنا اور کرانا جنوبی پنجاب کے اضلاع میں تعینات اعلی پولیس قیادت کی ذمہ داری قرار پائی ہے ۔ ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ پنجاب نے جنوبی پنجاب میں تعینات ریجنل پولیس آفیسر، سٹی پولیس آفیسر ملتان، اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرزکو حکم دیا کہ ان کے دفتر کی جانب سے جو بھی مراسلہ بھجوایا جائے گا، اس کی کاپی ہر صورت اور باضاطہ طور پر ایڈیشنل آئی جی آفس کو بھجوا ئی جائے گی۔ذرائع کے مطابق جنوبی پنجاب میں تعینات پولیس حکام کو باقاعدگی کے ساتھ کھلی کچہریاں لگا کر عوامی مسائل سننے ، موقع پر ان کے حل کی غرض سے احکامات جاری کرنے اور احکامات پر عمل درآمد کس حد تک ہوا، اس بابت فالو اپ بھی رکھا جائے ۔ذرائع کے مطابق ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس ساؤتھ پنجاب نے اپنے سیکرٹریٹ میں تعینات ہونے والے پولیس ملازمین کو بھی ہدایت کی کہ وہ کسی بھی سائل کی راہ میں رکاوٹ نہ بنیں، داد رسی کے ارادہ سے آنے والے شہریوں کو ان سے ملنے دیا جائے ۔