لاہور،ملتان،ڈیرہ غازیخان(وقائع نگار، سٹاف رپورٹر،ڈسٹرکٹ رپورٹر،92 نیوز رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ ماضی کی حکومت کی غلط پالیسیوں کے باعث صوبے میں 1300ارب روپے کا تھرو فارورڈ ورثے میں ملا۔ سابق حکمران اپنیگڈگورننسکے باعث 4 ہزار نامکمل ترقیاتی منصوبے چھوڑ کر گئے ۔ سابق حکومت نے خزانے کو خالی کر دیا تھا اور56ا رب روپے کے چیک کیش کور نہ ہونے کی وجہ سے باؤنس ہوئے ۔ماضی کی حکومت نے صوبہ پنجاب میں 41ارب روپے کا اوور ڈرافٹ لیا۔ انہوں نے کہا کہ سابق حکومت پنجاب اسمبلی، وزیرآباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی اور اور نج لائن میٹرو ٹرین کے نامکمل منصوبے چھوڑ کر گئی۔ تریموں تھر مل پاورپراجیکٹ، پاک پتن ہائیڈروپاور پراجیکٹ، مرالہ ہائیڈروپاور پراجیکٹ اور پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ کے ادھورے منصوبے ورثے میں ملے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہماری حکومت نے سابق حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کودرست کر کے صوبے کی سمت ٹھیک کی ہے ۔علاوہ ازیں انہوں نے مون سون سیزن میں ممکنہ سیلاب کے پیش نظرضروری حفاظتی انتظامات جلد مکمل کرنے کا حکم دیا ۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سیکرٹری آبپاشی کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کیلئے منظور شدہ پلان کے تحت ہر ضروری اقدام اٹھایا جائے اور ایس او پیز کے تحت پیشگی حفاظتی انتظامات اوردیگر ضروری انتظامات کوفی الفور حتمی شکل دی جائے ۔بعدازاں وزیراعلیٰ گورنر ہاؤس میں لاہور ہائی کورٹ کے نئے چیف جسٹس امیر بھٹی کی تقریب حلف برداری میں شرکت کی اور حلف اٹھانے پرمبارکباد دی اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔علاوہ ازیں ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی کی سردار دوست مزاری کی رہائش گاہ ڈپٹی سپیکر ہاؤس گئے ۔ وزیراعلیٰ عثمان بز دار نے سردار دوست مزاری سے ان کے سسر سردار نعیم مزاری کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سردار دوست مزاری سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا۔دریں اثنا انہوں نے معاون خصوصی برائے یوتھ و سپورٹس ملک عمر فاروق کے والد ملک مشتاق احمد کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ گزشتہ روز ملتان پہنچ گئے ، کمشنر جاوید اختر محمود اور دیگر ضلعی افسران نے ایئرپورٹ پر ان کا استقبال کیا ۔ وزیر اعلیٰ نے رات اپنی رہائش گاہ پر قیام کیا ، سردار عثمان بزدار آج ڈیرہ غازی خان جائیں گے ، وزیر اعلیٰ پنجاب ڈی جی خان میں مختلف وفود سے ملاقاتیں کریں گے جبکہ سردار عثمان بزدار کو لادی گینگ کے خلاف جاری آپریشن پر بریفنگ بھی دی جائے گی ۔ادھر وزیراعلیٰ ڈیرہ غازی خان میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کاافتتاح اور سنگ بنیاد رکھیں گے ۔ سکیورٹی کے انتظامات مکمل، انتظامیہ کی پُھرتیاں عروج پر پہنچ گئیں جبکہ شہر میں صفائی کانظام بھی زور شور سے جاری رہا۔