ٹنڈوالہیار،کراچی (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ تبدیلی کی دعویدار حکومت میں کمرتوڑ مہنگائی نے عوام کو سخت پریشان اور عام آدمی کے لیے زندگی گزارنا مشکل بنا دیا۔تھانہ کچہری سے لیکر عدالت تک وہی انگریز کا قانون چل رہا ہے ۔یہ لوگ ظلم کے نظام کو تو تبدیلی نہیں کرسکے ۔وزرائ، سیکرٹری و آئی جی پیز کی تبدیلی کو تبدیلی نہیں کہتے ۔ باقی دور دور تک تبدیلی کا نام و نشان نہیں ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے الرحیم گارڈن ٹنڈوالہیار میں جماعت اسلامی کے تحت80ویں یومِ تاسیس کے حوالے سے منعقدہ جلسہ عام سے صدارتی خطاب کے دوران کیا۔قبل ازیں امیر جماعت کا نعرہ تکبیراﷲ اکبرکے نعروں،پھولوں کی پتیاں نچھاور کرکے زبردست استقبال کیا گیا جبکہ سندھ کا روایتی تحفہ اجرک وٹوپی بھی پیش کیا گیا۔ اس موقع پر اسداﷲ بھٹو، محمد حسین محنتی و دیگربھی موجود تھے ۔سراج الحق نے مزید کہا کہ آج ملک میں بے حیائی کا سیلاب ہے ، جسے روکنا ہو گا۔ اسلام آباد میں نورمقدم اور مینار پاکستان کے واقعے نے پوری قوم کو ہلاکررکھ دیا ہے ۔ افغانستان میں نظریے کی جیت اور اسلحہ کی شکست ہوئی ،حکمران امریکہ و روس کی طرف دیکھنے کی بجائے افغانستان میں طالبان حکومت کو قبول کریں۔ طالبان حکومت سے افغان بارڈر محفوظ اور انڈیا کو سازشوں کا موقع نہیں ملے گا۔ سندھ کے عوام نے خدمت کا موقع دیا تو تقدیر بدلیں گے اور امانت و دیانت کے ساتھ عوام کا پیسہ عوام پر خرچ کرکے مثال قائم کریں گے ۔دوسری جانب جماعت اسلامی کراچی کے تحت اجتماع عام بسلسلہ یوم تاسیس جماعت اسلامی و بیاد سید منورحسن آج نماز مغرب عید گاہ گرانڈ ناظم آباد میں منعقد ہوگا۔ امیرجماعت اسلامی پاکستان سراج الحق خصوصی خطاب کریں گے ۔