لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہاہے کہ حکومتی وزرا خود ہی گواہی دے رہے ہیں کہ وہ ڈیلیور نہیں کرپا رہے جبکہ عام پاکستانی بھی یہی کہتا ہے کہ یہ حکومت کچھ نہیں کرسکتی ،22ماہ میں جو وعدے اور سبز باغ دکھایاگیا تھا وہ پورا نہیں ہوا ۔ پروگرام دی لاسٹ آور میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چاروں طرف مایوسی ہے جنہوں نے ووٹ اورسپورٹ دی وہ بھی پریشان جبکہ حکومت کے اپنے لوگ مایوس ہیں۔ وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ نے کہا کہ کورونا کے خلاف جس طرح وزیراعلی سندھ اور ان کی ٹیم نے حکمت عملی بنائی تواس کے بعد وفاق بھی ان کی پالیسی پر چلنے کیلئے تیارہوا پیپلزپارٹی نے بھرپور طریقے سے جنگ لڑی، جب تک کورونا کا علاج نہیں آتا لاک ڈائون پر ہی انحصارکرنا پڑے گا۔ وزیر توانائی پنجاب ڈاکٹر محمد اختر ملک نے کہا کہ تاریخ کو چھپایا نہیں جاسکتا سندھ کی کرپشن کی داستانیں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں آج ان کے اپوزیشن میں ساتھی ماضی میں ان کے لیڈروں کو جلسوں میں گھسیٹنے کی باتیں کرتے تھے ۔ ہم اورنج لائن ٹرین چلانے کا کریڈٹ نہیں لے رہے یہ تھرڈ کلاس پراجیکٹ ہے جو قوم پر بوجھ ہے ۔سینئر صحافی رانا عظیم نے کہا ہے کہ پنجاب میں پی پی پی ٹی آئی کو کوئی ٹف ٹائم نہیں دے سکتی سیاسی بیا ن بازیاں چلتی رہیں گی عوام کو ان کی توقع کے مطابق ریلیف نہیں ملا۔ انہو ں نے کہاکہ مویشی منڈیوں میں ایس او پیز پر کوئی عمل نہیں کررہا ہے ۔ ایم ڈی کیٹل مینجمنٹ کمپنی ریحان علی نے کہا کہ ہم نے پوری طرح منڈیوں میں ایس او پیز کو فالو کیا ہے شاہ پورکانجراں کی منڈی بہت بڑی اورپرانی ہے یہاں پر جانوروں کی خریدو فروخت بھی بہت زیادہ ہوتی ہے اس میں ہم بہت ساری سروسز دے رہے ہیں ۔نمائندہ لاہور فہیم امین نے کہا کہ منڈی میں حالات کو دیکھ کر خوف آرہاتھا منڈی سے ایک کلومیٹرباہر تک ایسا لگ رہا تھا کہ جیسے میلہ لگاہواہے ۔