لاہور( این این آئی،سٹاف رپورٹر)مسلم لیگ (ن)کے صدر شہباز شریف نے ترکی کے مشرقی حصے میں آنے والے ہولناک زلزلے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر ترک قیادت سے اظہار تعزیت کیا ہے ،انہوں نے کہاحکومت پاکستان زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں ترکی کی عملی مدد کرے ،غم کی اس گھڑی میں اپنے ترک بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ ہیں ، قدرتی آفت کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والوں کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کرتے ہیں،اﷲ تعالی مرحومین کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور اہلخانہ کو صبرجمیل دے ۔ایک ٹویٹ میں مسلم لیگ (ن) کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہاعمران صاحب کی پالیسیوں سے عوام تنگ اور بیزار ہیں، ان کے اے ٹی ایم امیر تر لیکن پاکستانی غریب ترہوچکے ہیں،قائداعظم سے نوازشریف تک ہمارے رہنمائوں کا درس ہے کہ سیاسی مخالفین کا بھی احترام کریں اور تضحیک یا توہین کا رویہ نہ اپنائیں۔مسلم لیگ (ن) پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہاعمران خان پاکستان کے لئے بحرانوں کی علامت بن چکے ہیں،تحریک انصاف کو اپنا نام تبدیل کرکے تحریک بحران رکھ لینا چاہئے ،حکومتی ترجمان اپنی ہر ناکامی کا ملبہ سابقہ حکومتوں پر ڈالنے کا وطیرہ بدل لیں،چور ڈاکو کے لقب دینے خود چور ڈاکو قراردیئے جا چکے ،آٹے اور چینی کے بحران نے نالائق حکومت کو بے نقاب کردیا،ملک میں پچاس فیصد آٹے اور چینی کی سپلائی دینے والا مافیا حکومتی صفوں میں بیٹھا ہے ۔ وفاق،پنجاب،کے پی اور بلوچستان فرد واحد کے رحم و کرم پر ہیں،تینوں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ اوروزیراعظم بے اختیار ہیں،تینوں صوبے چیف سیکرٹریز چلارہے ہیں،تبدیلی کی ہوا چل پڑی ہے اوربہت جلد جعلی تبدیلی بند گلی میں داخل ہونے والی ہے ۔