اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی،نیٹ نیوز)نیشنل پارٹی کے سربراہ میر حاصل بزنجو نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن کو جلسہ کرکے اسلام آباد سے واپس نہیں جانا چاہیے ،اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ اس حکومت کو گھر بھیجنے کیلئے احتجاج کرنا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ کوئی اسلام آباد میں بیٹھنے نہیں دے گا، اسلام آباد پہنچنے سے پہلے ہی کارکنوں کو گرفتار کرلیا جائے گا،حکومتی ردعمل سے ملک میں انتشار کی کیفیت پیدا ہوگی،حکومت کی اہم وزارتوں میں کوئی بھی منتخب شخصیت موجود نہیں ،حکومت نے 13 ماہ میں معیشت کو کہاں پہنچا دیا، اگریہ حکومت رہتی ہے تو یہاں زندہ رہنا مشکل ہوجائے گا، حکومت کے جانے کے بعد حقیقی انتخابات کا انعقاد کرایا جائے ، تمام اپوزیشن جماعتوں کا مطالبہ نئے انتخابات ہے ۔سینیٹر میر حاصل خان بزنجو نے مزید کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی نے متفقہ طور پر مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ کا حصہ بننے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہاہے کہ نیشنل پارٹی آزادی مارچ میں اپنی تمام طاقت لگائے گی،اس حکومت کو گرانے اور نئے الیکشن کرنے کیلئے ہم اپنی پوری طاقت لگائیں گے ۔