کوئٹہ ،کراچی،لاہور(سٹاف رپورٹر، خبرنگار خصوصی، نیوزایجنسیاں)چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی واحد دلچسپی اپنے کٹھ پتلی راج کو برقرار رکھنا اورنیب کو استعمال کرکے اپنے سیاسی مخالفین کو گرفتار کرانا ہے ۔گزشتہ روزکوئٹہ میں ملک نور الدین کاکڑ کی سربراہی میں علاقائی اتحاد کونسل کو پیپلز پارٹی میں ضم کرنے کے موقع پر جلسہ سے ٹیلیفونک خطا ب کرتے ہوئے بلاول نے مزید کہا کہ عوام کرونا کی وجہ سے پریشان ہیں جبکہ کٹھ پتلی حکومت کو کوئی دلچسپی نہیں کہ وہ عوامی مسائل کو حل کرے ۔ ہماری آواز کو دبانے اور جدوجہد کو روکنے کی کوشش پی ٹی آئی حکومت کی بھول ہے ۔ جیالے کٹھ پتلی کو گھر بھیج کر عوامی حکومت بنائیں گے ۔دریں اثنا کرونا پر احتیاطی تدابیر کے باعث پیپلز پارٹی نے 15 مارچ کو گھوٹکی میں خواتین کا جلسہ منسوخ کردیا جس سے بلاول نے خطاب کرنا تھا۔ پارٹی ذرائع کے مطابق قیادت نے 4اپریل کو ذوالفقار بھٹوکی برسی پر لاڑکانہ کا جلسہ اورپروگرام بھی محدود کرنے پر غور شروع کردیا ۔علاوہ ازیں بلاول کی سنٹرل پنجاب میں طے شدہ سرگرمیاں ملتوی کر دی گئیں۔ بلاول سے پی پی سنٹرل پنجاب کے جنرل سیکرٹری چودھری منظور احمد نے ملاقات کی جس میں راجہ پرویز اشرف، فرحت اﷲ بابر، مصطفیٰ نواز کھوکھر، رخسانہ بنگش،اور جمیل سومرو بھی موجود تھے ۔بلاول کا 19 مارچ سے شروع ہونے والا ساہیوال کا دورہ بھی ملتوی کردیا گیا۔ چودھری منظور نے کہا کہ بلاول کی مصروفیات کا نیا شیڈول جلد جاری کر دیا جائیگا۔