لاہور(سٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ (ن )لاہور کے صدر پرویز ملک ،جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر اور ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات عامر خان نے کہا کہ 18 ماہ کی حکومتی کارکردگی ملک اورعوام کیلئے خطرہ ثابت ہوئی ہے اورملک کادیوالیہ نکل چکاہے ۔ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل رپورٹ پر خدشات ظاہر کرکے حکومت نے ایک اور یو ٹرن لیا ہے ،رپورٹ پر خدشات ظاہرکرنے والے ماضی میں ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹوں کی مثالیں دیتے رہے ہیں،ماضی میں سلیکٹڈ وزیراعظم خود ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹوں کو مستند قرار دے چکے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے حلقوں میں کارکنوں میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ حکومت نے اپنی نااہلی کی وجہ سے اپنے سلیکٹر کو بھی پریشان کر رکھا ہے ،ایک کروڑ نوکریاں دینے ، پچاس لاکھ گھر بنانے کی باتیں کرنے والوں کو عوام دن رات بدعائیں دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نااہل لوگوں کی نااہلی انتہا تک پہنچ چکی ہے ، ظالم مسلط حکمرانوں نے عام آدمی کی زندگی جہنم بنادی ہے ۔اس موقع پر سید توصیف شاہ، رمضان صدیق بھٹی، میاں طارق،نذیر خان سواتی،رانا احسن شرافت سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔