کراچی /کوئٹہ (سٹاف رپورٹر)جمعیت علماء اسلام پاکستان کے رہنما اور سینئرسیاستدان حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ حکمرانوں کو آرپارکرنے کے دعویدارخود پارہ پارہ ہوگئے ،لانگ مارچ،استعفے اورعمرانی حکومت گرانے کے بلند و بانگ دعوے لیڈربھبکیاں ثابت ہوئے ،ہرجماعت اپنے مفادات اورمعاملات طے کرنیکی دوڑمیں لگی رہی ، ڈاکٹرعدنان کے آمد کی خبر کیساتھ ہی پی ڈی ایم کا یہ حشرتو ہونا ہی تھا،لگتا ہے کہ ملک میں ایک نئی سیاسی صف بندی ترتیب دی جارہی ہے جس میں کل کے حلیف حریف ہونگے ،چاروں صوبوں میں اپوزیشن نہیں بلکہ باپ انکے سوتیلے بیٹوں کا اتحاد نظرآرہا ہے ،پیرکو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ حسین احمد کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم میں شامل ہرجماعت نے اپنی بساط کے مطابق حکومت کی سہولت کاری کا حق ادا کیا،کسی نے پنجاب میں تحریک انصاف کیساتھ ملکرسینیٹرمنتخب کرائے اور کسی نے سنجرانی کوایکسٹینشن دلانے میں کردارادا کیا جبکہ مسلم لیگ ن کی شہ پرلانگ مارچ کے ساتھ استعفوں کو نتھی کیا گیا تاکہ لانگ مارچ سے جان چھڑائی جاسکے اورسارا الزام پیپلزپارٹی کے سر ڈالاجاسکے ،انہوں نے کہا کہ استعفوں کے آڑمیں لانگ مارچ کو یکسرختم کرنے سے پتہ چلتا ہے کہ پی ڈی ایم تحریک چلانے سنجیدہ نہیں، انہوں نے کہا کہ لندن کا موسم ایک بارپھرخوشگوار ہوتا جارہا ہے ، دیکھیں اس بارڈاکٹرعدنان کون سی گیدڑسنگھی کا سہارا لیں گے ۔