کراچی(سٹاف رپورٹر) عالمی شہرت یافتہ پاکستانی سماجی شخصیت عبدالستار ایدھی کی چوتھی برسی کل بدھ 8جولائی کو منائی جائیگی ، ملک بھر میں سماجی تنظیموں اور اداروں کے زیر اہتمام تعزیتی تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا اور مرحوم عبدالستار ایدھی کی سماجی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا ، ان کی روح کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کی جائے گی، عبدالستار ایدھی یکم جنوری1928ء کو بھارتی ریاست گجرات کے شہر بانٹوا میں پیدا ہوئے ، تقسیم ہند کے بعد ان کا خاندان کراچی منتقل ہو گیا، عبدالستار ایدھی نے کم عمری سے خدمت خلق کو اپنا شیوہ بنا لیا، 1997میں گینیز بک آف ورلڈ کے مطابق ایدھی فائونڈیشن کی ایمبولینس سروس دنیا کی سب سے بڑی فلاحی سروس ہے ، عبدالستارایدھی8جولائی2016 کو علالت کے باعث انتقال کر گئے ۔ 1980ء کی دہائی میں پاکستانی حکومت نے انہیں نشان امتیاز دیا، پاک فوج نے انہیں شیلڈ آف آنر کے اعزاز سے نوازا ، 1992ء میں حکومت سندھ انہیں سوشل ورکرآف سب کونٹی ننیٹ کا اعزاز دیا، 1986ء میں عبدالستار ایدھی کو فلپائن نے رومن میگسے ایوارڈدیا، 1993ء میں روٹری انٹرنیشنل فاؤنڈیشن کی جانب سے انہیں پاؤل ہیرس فیلودیاگیا، 1988ء میں آرمینیا میں زلزلہ زدگان کے لئے خدمات کے صلے میں انہیں امن انعام برائے یو ایس ایس آر دیا گیا۔