پشاور(92نیوز) خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات وتعلقات عامہ اجمل خان وزیر نے کہا ہے کہ ضلع خیبر میں افغانستان سے واپس آنے والے افراد کے لیے سات قر نطینہ سنٹرز قائم کیے گئے ہیں جس میں تقریبا 1500 افراد کی گنجائش موجود ہے اور اب تک افغانستان سے 713 افراد آئے جو قرنطینہ سنٹرز میں ہیں،افغانستان سے آنے والے افراد کو پہلے قرنطینہ سنٹرز پھر آئسولیشن اور اسکے بعد ہائی ڈ یپنڈنسی یونٹس میں رکھا جائے گا ،صوبہ بھر میں کورونا کے 1137 مثبت کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں، 226 افراد صحت یاب ہوگئے جبکہ 60 افراد کی کورونا کی وجہ سے اموات ہوئی ہیں، ان خیالات کا اظہار خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات وتعلقات عامہ اجمل خان وزیر کا دورہ ضلع خیبر قرنطینہ سنٹرز کے دورے کے دوران کیا۔ ڈپٹی کمشنر ضلع خیبر محمود اسلم وزیر نے مشیر اطلاعات کو قرنطینہ سنٹرز میں موجود سہولیات اور دیگر ضروریات پر بریفنگ دی، مشیراطلاعات کا کہنا تھا کہ شاہ کس قرنطینہ سنٹر میں موجود افراد کے ٹیسٹ کئے جا رہے ہیں جنکے ٹیسٹ نیگیٹو ہوں گے ان کو اپنے علاقوں کی طرف روانہ کیا جائے گا،اجمل وزیر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ محمود خان تمام اقدامات اور سہولیات کی خود مانیٹر نگ کر رہے ہیں ،انہوں نے کہا کہ ہمیں احتیاط کرنا ہوگی، سماجی رابطوں میں کمی اور حکومت کی ہدایات پر عمل کرنا ہوگا۔