لاہور(نمائندہ خصوصی سے ،سٹاف رپورٹر ، کلچرل رپورٹر )معروف نعت خواں الحاج محبوب احمد ہمدانی کولاہور میں نماز جنازہ کے بعد سوگواروں کی موجودگی میں میانی صاحب قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ان کی نماز جنازہ امامیہ غوثیہ مسجد ، ایوبیہ مارکیٹ مسلم ٹائون میں ادا کی گئی۔ جامع مسجد داتا دربار کے سابق خطیب علامہ مقصود احمد قادری نے ان کی نماز جنازہ پڑھائی۔ جس میں مرحوم کے اہل خانہ، چھوٹے بھائی معروف نعت خوان الحاج مرغوب احمد ہمدانی،عزیز و اقارب، خطیب جامع مسجد داتا دربار مفتی محمد رمضان سیالوی سمیت دیگر نعت خواں ،علمائکرام اور مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ 75سالہ الحاج محبوب احمد ہمدانی کینسر جیسے موذی مرض میں مبتلا تھے اور کچھ عرصہ سے مقامی ہسپتال میں زیر علاج تھے ۔ جہاں وہ گذشتہ رات خالق حقیقی سے جا ملے ۔مرحوم محبوب ہمدانی ہاکی کے سابق اولمپیئن خواجہ جنید کے ماموں تھے ۔ مرحوم کے ایصال ثواب کے لئے ابوبکر روڈ الحمد کالونی نزد نیلم بلاک اقبال ٹاؤن میں جامع مسجد بغدادی نوری میں قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا ۔محبوب ہمدانی مرحوم نے اپنے منفرد انداز اور دل کو چھو جانے والی آواز کے باعث نعت خوانی میں نمایاں مقام حاصل کیا۔ان کے پرستاروں کا کہنا تھا کہ محبوب ہمدانی کا خلا پر نہیں کیا جا سکتا۔