کراچی (کلچرل رپورٹر) پاک فلم انڈسٹری کی سدا بہار فلموں پاٹے خان، ملن، نصیب اور قاتل کی تلاش کے نیشنل ایوارڈ یافتہ ہدایتکار ایم اے رشید کی بیٹی نادیہ رشید کا اپنے والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ہدایتکاری میں قسمت آزمائی کا فیصلہ۔ اس حوالے سے نادیہ رشید کا کہنا ہے کہ میں نے اپنے والد کی فلم ملن میں محمدعلی اور شبنم کے ساتھ چائلڈ اسٹار کے طور پر کام کیا ہے جب میں ڈیڈی کی فلموں کے سیٹ پر جاتی تھی تو فلم انڈسٹری کے معروف اداکاروں کو اپنے درمیان دیکھتی اور ان کو کیمرے کے سامنے اداکاری کرتے اور ڈیڈی کو ان سے کام لیتے دیکھتی تھی تو میرا دل کرتا تھا کہ میں کیمرے کے پیچھے اور کیمرے کے سامنے کام کروں مگر میں بچی تھی ڈیڈی کی خواہش تھی کہ میں پہلے تعلیم مکمل کروں ڈیڈی اور اپنے بڑے بھائی اعجاز رشید کے وفات کے بعد میں ٹوٹ گئی بڑوں کا سایہ بچوں کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں ہوتا ہے ان کی سر پرستی حوصلے کا باعث بنتا ہے میں متعدد ڈرامہ سیریل اور لانگ پلے میں کام کر چکی ہوں ۔