لاہور، ملتان، پاکپتن ( اپنے رپورٹر سے ، نیوز رپورٹر، جنرل رپورٹر، ڈسٹرکٹ رپورٹر)لاہور سمیت پنجاب، بالائی سندھ، خیبر پختونخواہ کے متعدد علاقوں میں جمعرات کے روز دھند چھائی رہی ، دیگر علاقوں میں بھی موسم سرد اور خشک اور بالائی علاقوں میں شدید سرد رہا، جمعھ کے روز پنجاب اور بالائی سند ھ کے بیشتر میدانی علاقوں ، خیبر پختونخوا کے بعض اضلاع میں رات اور صبح کے اوقات میں شدیددھند کی توقع ہے ، جمعرات کو کم سے کم درجہ حرارت سکردو منفی 18، استور منفی 12،گوپس منفی09، بگروٹ منفی 08، قلات، کالام منفی 07،ہنزہ ،گلگت منفی 06،پاراچنار منفی 05،کوئٹہ منفی 04، دیراور راولاکوٹ میں منفی 03 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، لاہور میں کم از کم درجہ حرارت 6 ڈگری تک ریکارڈ کیا گیا، لاہور ائر پورٹ پر دھند اور دیگروجوہات کی بنا پر اندرون اور بیرون ملک سے آنے اور جانے والی 6پروازیں منسوخ اور 13تاخیر کا شکار رہیں ، پی آئی اے کی لندن سے آنے والی پرواز ، بلیو ائیر لائنز کی کراچی سے آنے والی پرواز ، پی آئی اے کی لندن جانے والی پرواز ، پی آئی اے کی کراچی جانے والی پرواز ، پی آئی اے کی اسلام آباد جانے والی پرواز ، بلیو ائیر لائنز کی کراچی جانے والی پرواز اورپی آئی اے کی جدہ جانے والی پرواز منسوخ کر دی گئی، چائنہ ائیر کی ارمچی کی پرواز 9 گھنٹے ، سعودی ائیر کی مدینہ کی پرواز 6 گھنٹے 35 منٹ، پی آئی اے کی اسلام آباد کی پرواز 2 گھنٹے ، سعودی ائر کی جدہ کی پرواز ایک گھنٹہ 10منٹ، اتحاد ائیر کی کوئٹہ کی پرواز ایک گھنٹہ، پی آئی اے کی مدینہ کی پرواز ایک گھنٹہ، دبئی کی پرواز ایک گھنٹہ، دبئی کی دوسری پرواز 30 منٹ، میلان کی پرواز 40 منٹ، چائنہ ائر کی ارمچی سے آنیوالی پرواز 9 گھنٹے 10منٹ، سعودی ائر کی جدہ سے آنیوالی پرواز ایک گھنٹہ 34 منٹ، اتحاد ائر کی کراچی سے آنیوالی پرواز ایک گھنٹہ، پی آئی اے کی جدہ سے آنیوالی پرواز 30 منٹ تاخیر کا شکار ہوئی۔ دھند کے باعث ملک بھرمیں ٹرینوں کاشیڈول بھی بری طرح متاثررہا، کراچی اور کوئٹہ سے لاہور آنے والی ٹرینیں گھنٹوں تاخیر کا شکار ہوئیں ، لاہور سے بھی ٹرینیں تاخیر سے روانہ ہوئیں، ترجمان ریلوے کا کہنا ہے تاخیر کی وجہ شدید دھند میں ٹرین ڈرائیوروں کو جاری کردہ ہدایات ہیں ۔ جنوبی پنجاب میں دھند کاراج رہا، ٹریفک کی روانی متاثر رہی ،پروازیں اور ٹرینیں لیٹ ہوئیں، موٹر وے ایم فور اور ایم فائیو کے مختلف سیکشنز بھی ٹریفک کے لئے بند،شہری سورج گرہن دیکھنے سے بھی محروم رہے ۔