لاہور؍ اسلام آباد(کامرس رپورٹر؍ مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کے مشیر خزانہ عبد الحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ دوست ممالک کی مدد سے معاشی دبائو میں کمی آئی ،آئی ایم ایف کی معاونت نے بھی اہم کردار ادا کیا ہے ۔صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا آئی ایم ایف نے پہلی سہ ماہی کارکردگی پر اطمینان کااظہار کیا ،موجودہ مالی سال میں اخراجات میں کمی کی جائیگی،ریونیو بڑھانے کیلئے تمام تر توانائیاں صرف کی جائینگی،گزشتہ حکومت کی غلط پالیسیوں اور اقدامات سے مشکلات کا سامنا رہا، دسمبر 2020تک گردشی قرضہ ختم کردیا جائیگا،آئندہ ماہ میں معیشت مزید مضبوط و مستحکم ہوگی۔مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے پاکستان اور چائنہ کی بڑی ٹائر کمپنیوں کے اشتراکی معاہدے پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا پہلے مرحلے میں 250ملین ڈالر کے پراجیکٹ کا آغازسندھ میں 100ملین ڈالر سے کیا جائے گا۔انہوں نے کہا پاکستان میں تجارت کے فروغ کے لئے کام کر رہے ہیں،تمام سرمایہ کاروں کو پاکستان میں ہر سہولت فراہم کی جائے گی۔انہوں نے کہا پہلے مرحلے میں 100 ملین ڈالرزکی تجارت ہوگی،مہنگائی پر جلد قابو پا لیا جائے گا،اس سیزن میں ہر دفعہ آلو پیاز کی کمی ہوجاتی ہے جس وجہ سے قیمتیں بڑھ جاتی ہیں ،چین سے فری ٹریڈ ایگری منٹ یکم دسمبر سے شروع ہوگا۔