راولپنڈی(وقائع نگار،مانیٹرنگ ڈیسک) چیئر مین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے کہا ہے کہ قوم دہشتگردی اورانتہاپسندی کے خلاف متحد ہے ،دنیاکو پاکستان کی مستقل امن کی کوششوں کا اعتراف اور بھارت کی مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کا نوٹس لینا چاہئے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ روزپاکستان ملٹری اکیڈمی (پی ایم اے ) کاکول میں 143 ویں لانگ کورس ، 62 ویں انٹیگریٹڈ کورس، 11 ویں مجاہد کورس، 17 ویں لیڈی کیڈٹس کورس اور دوسرا بنیادی فوجی تربیت کورس کے کیڈٹس کی پاسنگ آؤٹ پریڈمنعقد ہوئی۔اس موقع پرسری لنکا، عراق، مالدیپ اور نیپال کے کیڈٹس بھی پاس آؤٹ ہوئے ۔دونوں سری لنکن لیڈی کیڈٹس پی ایم اے سے پاس آؤٹ ہونیوالی پہلی خواتین ہیں،پاس آؤٹ ہونیوالوں میں خیبرپختونخوا میں ضم ہونے والے قبائلی اضلاع کے 18 اوربلوچستان کے 60 کیڈٹس بھی شامل ہیں۔چیئر مین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضاتقریب کے مہمان خصوصی تھے ،پی ایم اے کاکول پہنچنے پرکمانڈنٹ میجرجنرل عمربخاری نے جنرل ندیم رضا کاا ستقبال کیا۔ جنرل ندیم رضانے نمایاں کارکردگی والے کیڈٹس میں اعزازات، ایوارڈزتقسیم کئے ،اعزازی تلواراکیڈمی کے سینئرانڈر آفیسرعبدالصمد خان خٹک نے حاصل کی،چیف آف آرمی سٹاف اعزازی چھڑی 11 ویں مجاہد کورس کے کورس انڈر آفیسر محمد غزوان نے حاصل کی۔چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اوورسیز گولڈ میڈل مالدیپ کے کمپنی جونیئر انڈر آفیسر اسماعیل حزواث کو ملا،صدارتی گولڈ میڈل کمپنی سینئر انڈر آفیسر وقاص خورشید کو دیا گیا،کمانڈنٹ کین 62 ویں انٹیگریٹڈ کورس کے کمپنی جونئیر انڈر آفیسر عمار حیدر کو دی گئی،سیکنڈ بیسک ملٹری ٹریننگ کورس انڈر آفیسر عماراحمد اور کورس انڈر آفیسر حاجرہ خان بھی کمانڈنٹ کین کے مستحق قرارپائے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جنرل ندیم رضانے کہا کہ پاس آؤٹ کیڈٹس در پیش چیلنجز کا سامنا کرنے کیلئے خود کو تیار رکھیں، ان چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کا واحد راستہ پیشہ ورانہ صلاحیت اور لگن ہے ، پوری قوم کو مسلح افواج سے توقعات وابستہ ہیں۔ پاکستان فروغ امن کیلئے کوشاں ہے ، خطے میں امن واستحکام کیلئے کردار ادا کر رہے ہیں۔