لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) سابق چیئرمین سینٹ وسیم سجادنے کہاہے کہ عالمی عدالت میں پاکستان کی بہت بڑی جیت ہے اگرہم شروع سے کل بھوشن کو قونصلررسائی دے دیتے تو کوئی حرج نہیں تھا۔ اب سارامعاملہ پاکستانی قوانین کے مطابق اوراتھارٹیز کرینگی۔ پروگرام جواب چاہئے میں میزبان ڈاکٹر دانش سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں دنیا کو بتاناچاہئے کہ بھارت دہشت گردی کراتا ہے اوران کو پیسے بھی دیتاہے ۔ ن لیگ کے رہنما عبدالقادر بلوچ نے کہاہے کہ پہلی بار عالمی فورم پر پاکستان کی ایک بہت بڑی فتح ہوئی ہے اورہمیں چاہئے کہ اس کوہم ضائع نہ کریں اور میڈیا پر غیر محتاط بات نہ کریں۔ سابق وزیرداخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ پھانسی کی سزا پر نظرثانی کا مطلب ہے کہ انہوں نے اس کی سزا روک دی ہے ۔ اس فیصلے میں ایک چیز بہت اچھی ہوئی ہے کہ اپیل کااختیار بھی ہمارے آرمی چیف کو دیاہے جبکہ ہماری فوجی عدالت کے فیصلے کو ختم نہیں کیاگیا۔ ہمیں اورہوم ورک کرنا ہوگا۔ تاکہ ہم بھارت کو مزید بے نقاب کرسکیں۔دفاعی تجزیہ کار جنر ل (ر)اعجازاعوان نے کہا ہے کہ کل بھوشن کے کیس میں جیت پاکستان کی ہوئی ہے کیونکہ بھارت کا اس کو رہائی اوراس کے حوالے کرنے کا مطالبہ نہیں مانا گیا۔فوجی عدالت کی دی گئی سزا کو ختم نہیں کیا گیا۔