ملتان (خبر نگار) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ شیخ السلام حضرت بہائالدین زکریا ملتانی نے برصغیر کی پہلی اقامتی درس گاہ کی بنیاد رکھی تھی ۔ اولیائکرام نے اپنے کردار سے ہمارے لئے راستے متعین کردئیے ہیں اب منزل ہمیں تلاش کرنی ہے ۔ملتان میں سالانہ زکریا قومی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر ٹی 20 نہیں ٹیسٹ میچ ہے ۔ جب آپ دنیا میں کشکول لے کر پھریں گے تو دنیا آپ کو نہیں سنے گی۔ آج بی جے پی کی جانب سے اگلا وار بابری مسجد پر رام مندر قائم کرنا ہے ۔ بھارت مسجدیں گرا رہا ہے ہم یہاں اقلیتوں کا تحفظ کر رہے ہیں 5 اگست کا فیصلہ جو مودی سرکار نے کیا وہ بہت بڑی حماقت تھی۔بکھرے ہوئے کشمیری آج ایک ہو گئے ہیں۔گورنر پنجاب چودھری سرور نے بطورمہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی کامیاب سفارتکاری کے باعث بھارت کا گھناؤنا کردار پوری دنیا کے سامنے آشکار ہوچکا ۔وہ دن دور نہیں جب کشمیر کو اسکا حق خودارادیت مل جائے گا۔انہوں نے کہا کہ برصغیر میں شیخ الاسلام حضرت بہائالدین زکریا ملتانی سمیت اولیائکرام کے کردار کی وجہ سے اسلام پھیلا، انکی تعلیمات موجودہ حالات میں بھی ہمارے لئے مشعل راہ ہیں۔بعد ازاں گورنر اور وزیر خارجہ نے مقررین میں شیلڈز بھی تقسیم کیں۔