اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم اور وزیر خوراک خیبر پختونخواقلندر خان نے ملاقات کی۔ملاقات میں سیکرٹری خوراک پنجاب اور سیکرٹری خوراک خیبر پختونخوااور ممبر ایس ایم بی آر خیبر پختونخوا نے بھی شرکت کی۔ملاقات میں خیبرپختونخوا کو ضروریات کے مطابق گندم کی فراہمی اور ملک میں زرعی شعبے کی ترقی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی ضروریات کے مطابق گندم کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کئے جائیں۔وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا کہ پنجاب کے پاس گندم کے وافر ذخائر موجود ہیں اور گندم کی قلت کا کوئی خطرہ نہیں۔ انہوں نے سپیکر کو یقین دلایا کہ خیبرپختونخوا اور دیگر صوبوں کو ضروریات کے مطابق گندم کی فراہمی کیلئے ہر ممکن تعاون کیا جائیگا۔ سپیکر نے صوبائی حکومتوں کو زراعت کے شعبے کی ترقی کیلئے مربوط پالیسی وضع کرنے کیلئے پارلیمانی کمیٹی کو تجاویز دینے کا کہا۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومتیں زراعت کے شعبے کو جدید سائنسی خطوط پر اسطوار کرنے کیلئے اقدامات اُٹھائیں۔انہوں نے کہا کہ ٹڈی دل کے حملے ایک لمحہ فکریہ ہے اور اس سے ملک میں فصلوں کوخطرات لاحق ہیں۔ انہوں نے ٹڈی دل کے خاتمے کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو مل کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔