اسلام آباد ،لاہور،نئی دہلی(وقائع نگار خصوصی، این این آئی )سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پاک بھارت کشیدگی کی وجہ سے بندش کی شکار پاکستانی فضائی حدود تمام پروازوں کیلئے کھول دی ہیں۔گزشتہ روزسول ایوی ایشن کی جانب سے جاری کردہ نوٹس میں کہا گیا کہ پاکستان کی فضائی حدود کی بندش ختم کردی گئی ہے جس کے بعد تمام روٹس کے طیارے پاکستانی فضائی حدود استعمال کرسکیں گے ۔ فضائی حدود کی بندش ختم ہونے کے بعد لاہور سے نئی دہلی، بنکاک، کوالالمپور، سری لنکا اور ارمچی کی پروازیں بحال ہوگئی ہیں۔سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق ابھی تک شمال سے جنوب اور جنوب سے شمال کے صرف تین روٹ کھلے تھے ، تاہم اب تمام روٹس پروازوں کیلئے کھول دیئے گئے ہیں جس کے بعد اب بھارتی ایئر لائنز بھی پاکستانی ایئر سپیس استعمال کر سکتی ہیں۔واضح رہے کہ رواں برس پاک بھارت کشیدگی کے بعد پاکستان نے 27 فروری کو اپنی تمام فضائی حدود اور ایئرپورٹس کو بند کردیا تھا۔ تاہم چند روز بعد اہم ہوائی اڈے کھول دیئے گئے تھے ۔ ابتدائی طور پر 3 روٹس کھولے گئے تھے ۔ تاہم مشرقی حدود نہیں کھولی گئی تھیں ۔ادھربھارتی اخبار ڈیلی اکنامک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق ایئر انڈیا کو گزشتہ ماہ کے اختتام پر 300 کروڑ بھارتی روپے کا نقصان ہوا ۔ ایئرلائن نے نقصان کی تلافی کیلئے وزارت برائے انڈین ایوی ایشن انڈسٹری سے رابطہ کیا ہے ۔