پشاور(92نیوز)وفاقی وزیر مذہبی اُمور ڈاکٹر پیر محمد نورالحق قادری نے کہا ہے کہ تحفظ ناموس رسالت کی خاطر ہمارے جانیں بھی حاضر ہیں، نبی کریمﷺ پوری دُنیا کیلئے رحمت بن کر آئے ، حضورؐ کی تعلیمات ہمارے لئے مشعل راہ ہیں۔ آستانہ عالیہ قادریہ چشتیہ ڈاک اسماعیل خیل کے زیر اہتمام سالانہ رحمت اللعالمینؐ کانفرنس کی اختتامی نشست میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے نورالحق قادری نے کہا کہ حضورﷺ ؐ ہم سب کے نبی ہیں، بعض ناعاقبت اندیش لوگ تحریک انصاف حکومت کے خلاف منفی پراپیگنڈہ کررہے ہیں کہ خدانخواستہ ہماری حکومت تحفظ ناموس رسالت ایکٹ میں ترمیم کرنے کی کوشش کررہی ہے ، میں پوری ذمہ داری سے قوم کو وزیراعظم عمران خان کی جانب سے یقین دلاتا ہوں کہ ایسی کوئی بات نہیں ،ایساکرنا تو دور کی بات حکومت ایسا سوچ بھی نہیں سکتی ،قوم مطمئن رہے ، ہم ناموس رسالت ؐ اور ختم نبوت کے محافظ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کی کوشش ہے کہ پاکستان کو فلاحی اسلامی ریاست بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ میں سیاسی جماعتوں سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ بے شک ہماری حکومت پر مثبت تنقید کریں جس کا ہم خیر مقدم کرینگے تاہم پراپیگنڈوں کا سہارا لیکر بے سروپا الزامات نہ لگائیں۔ تقریب کے اختتام پر پیر آف مانکی شریف پیر شمس الامین قادری نے ملک کی استحکام اور سلامتی کیلئے اجتماعی دُعا کرائی۔