لاہور(عثمان علی) محکمہ آثار قدیمہ کی جانب سے رام پیار ی محل گجرات اور کلر کہار میوزیم بلڈنگ کی تعمیر، تزئین و آرائش اور بحالی کاکام مکمل ہونے کے بعد سیکرٹری آرکیالو جی و ٹورازم کی جانب سے 14اگست تک اس کو مکمل طور پر فعال کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئیں ہیں رام پیاری محل کی تزئین و آرائش جبکہ کلر کہار میوزیم کی نئی بلڈنگ تعمیر کی گئی ہے ۔رام پیاری محل میں نوادرات،آرٹ گیلری، تاریخ پاکستان سمیت دیگرتاریخ سے متعلق رکھی جائیں گی اس طرح کلر کہار میوزیم میں مختلف مجسمے ،چکوال شہر کے حوالے سے مقامی کلچرل میٹریل اور تاریخی اشیا میوزیم کا حصہ ہوں گی۔اس حوالے سے ذرائع نے کہا کہ سیکرٹری آر کیالوجی و ٹور ازم کی جانب سے محکمہ آرکیالوجی کو ہدایات کی ہیں کہ وہ 14 اگست سے قبل اس کو مکمل فعال کریں اور باقی ماندہ کام کو جلد از جلد مکمل کیا جائے ۔رام پیار ی محل جو کہ قیام پاکستان سے قبل کی بلڈنگ ہے رام پیاری جوکہ ڈنگہ کے کنٹریکٹر سندر داس چوپڑا کی بیوی تھی کے نام پر تعمیر کیا جو کہ یونانی اورانڈین فن تعمیر کی شاہکار بلڈنگ ہے ۔ قیام پاکستان کے بعد اس بلڈنگ کو گورنمنٹ گرلز ہاسٹل کے لیے استعمال کیا جاتا رہاتاہم کچھ سال قبل اس کو محکمہ آثارقدیمہ کو دے دیا گیا اور یہاں میوزیم بنانے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ کلرکہار میوزیم کو بھی یہاں کی تاریخ کو مدنظر رکھتے ہوئے تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔