آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے دہشت گردی اور عسکریت پسندی کے خلاف حاصل شدہ اہداف کے فوائد کو مستحکم کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ کور کمانڈرز کانفرنس میں عام انتخابات میں الیکشن کمشن آف پاکستان کے مینڈیٹ کے مطابق تمام تر مشکلات کے باوجود محفوظ ماحول مہیا کرنے پر سول انتظامیہ‘ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سکیورٹی فورسز کی کوششوں کو سراہا گیا اور کہا گیاکہ عام انتخابات کے لئے عوام کو محفوظ ماحول مہیا کیا گیا اس سے زیادہ افواج پاکستان کا انتخابی عمل سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ کانفرنس نے مرکز اور صوبوں میں اقتدار کی منتقلی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ انتخابات کے بعد کا ماحول پاکستان میں سیاسی و اقتصادی استحکام لائے گا ۔ بلا شبہ عام انتخابات اور اس کے نتیجہ میں قائم ہونے والی حکومتوں کے ذریعے ہی کسی ملک سے بے یقینی کے خاتمہ اور معاشی خوشحالی کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔ پاک افواج کی جانب سے مرکز اور صوبوں میں نئی حکومتوں کے قیا م پر اظہاراطمینان حکومتی استحکام کا باعث بنے گا۔ ملک اس وقت جن سماجی و اقتصادی مسائل سے دوچار ہے اس کا تقاضا ہے کہ الزامات و شکایات کا ازالہ کیا جائے۔اگر کہیں انتخابی قواعد کی خلاف ورزی کی گئی ہے تو اس کا تدارک کیا جائے اور جو عناصر اس میں ملوث پائے گئے ہیں انہیں قانون کے کٹہرے میں لا کر انصاف کے تقاضے پورے کئے جائیں ۔اس سلسلہ میں پاک فوج پر الزام تراشی بند ہونی چاہئے ۔