اسلام آباد (نامہ نگار)سابق صدر اور پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کا اڈیالہ جیل میں طبی معائنہ کیا گیا۔پمز کے سینئر ڈاکٹروں پر مشتمل ٹیم نے وزارتِ داخلہ کی درخواست پر ابتدائی طبی معائنہ کیا۔ طبی معائنہ کرنے والی ڈاکٹروں کی ٹیم نے انھیں ہسپتال منتقل کرنے کی تجویز دی ہے ۔میڈیکل بورڈ کی جانب سے آصف زرداری کو ہسپتال منتقل کرنے کی رپورٹ کے حوالے سے وزارت داخلہ حتمی فیصلہ کرے گی ۔ذرائع کے مطابق اڈیالہ جیل میں سابق صدرمملکت آصف علی زرداری کو وہی کمرہ دیا گیا ہے جس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کو رکھا گیا تھا لیکن اس کمرے سے ائیرکنڈیشنر اتار لیا گیا ہے ۔طبی معائنے کے دوران جب اس بات کا تذکرہ ہوا تو آصف زرداری نے بہت ذومعنی انداز میں کہا انہیں ائیرکنڈیشنر کی ضرورت نہیں کیونکہ ایک دو مہینے میں راولپنڈی کا موسم بدلنے والا ہے ۔ ان کے اس جملے سے کمرے میں قہقہہ بلند ہوا جو ڈاکٹروں، جیل عملے اور سکیورٹی اہلکاروں سے بھرا ہوا تھا۔جیل ذرائع کے مطابق سابق صدرکو گردن سے کمر تک شدید دردکی شکایت ہے ۔