اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) ترجمان دفتر خارجہ نے کہاہے کہ پاکستان جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال پر آواز بلند کرتا رہے گا ۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا اقوام متحدہ سکیورٹی کونسل کے صدر کے نام ایک اور خط اسی سلسلے کی کڑی ہے ۔ وزیر خارجہ نے اپنے خط میں جموں و کشمیر کی صورتحال کی طرف عالمی برادری کی توجہ مبذول کرائی ہے ۔ وزیر خارجہ5اگست کے بعد سے اقوام متحدہ سلامتی کونسل کے صدر کو کشمیر اور خطے کی صورتحال سے آگاہ رکھے ہوئے ہیں ۔ 9 مارچ کو لکھے گئے خط میں وزیر خارجہ نے بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں حالات معمول پرآنے کے دعووں کو مسترد کیا ہے ۔ خط میں ایل او سی کی صورتحال اور بھارتی چیف آف ڈیفنس سٹاف کی طرف سے ڈی ریڈیکلائزیشن کیمپ برائے کشمیری جوانوں کے بیان کی بھی حقیقت بیان کی ہے ۔ خط میں بھارتی وزیراعظم کی طرف سے پاکستان کیخلاف طاقت کے استعمال کے بیان کو بھی شامل کیا گیا ۔خط میں مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی طرف سے آبادی کے تناسب میں تبدیلی کے منصوبوں پر بھی روشنی ڈالی گئی ہے جبکہ فروری میں دہلی میں ہونیوالے مسلم کش فسادات اور ہندوتوا نظریہ کے بھارت میں بڑھتے اثر و رسوخ سے آگاہ کیا ۔ وزیر خارجہ نے خط میں واضح کیا ہے کہ علاقائی امن و سلامتی کیلئے مسئلہ کشمیر کا پائیدار حل ناگزیر ہے ۔ خط میں کرونا وائرس کے پیشِ نظر مقبوضہ وادی میں ہونیوالی موت کے بعد کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا گیا ۔ وزیر خارجہ نے مقبوضہ کشمیر میں کرونا وائرس کی تصدیق کے بعد پابندیاں ہٹانے کا مطالبہ بھی کیا ۔