اسلام آباد(سپیشل رپورٹر؍خبر نگار) وزیراعظم عمران خان نے رحیم یارخان میں مندرپرحملے کی مذمت کی ہے جبکہ آئی جی پولیس پنجاب کو ہدایت کی ہے کہ ملزمان کو جلد گرفتارکیاجائے ۔وزیر اعظم نے اپنے ایک ٹویٹ میں رحیم یار خان میں مندر پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے آئی جی پنجاب کوملزمان کی گرفتاری کے احکامات دے رکھے ہیں۔وزیراعظم نے کہا حکومت متاثرہ مندرکوبحال کرے گی۔علاوہ ازیں چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد نے رحیم یار خان میں مندر جلا ئے جا نے کے واقعہ کا ازخود نوٹس لے لیا۔چیف جسٹس نے معاملہ آج عدالت میں سماعت کے لئے مقرر کرتے ہوئے چیف سیکرٹری اور انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس کو تحریری رپورٹ سمیت پیش ہونے کا حکم دیا ہے ۔ ہندو کونسل کے پیٹرن ان چیف اور اقلیتی رہنما رمیش کمار کو بھی نوٹس جاری کردیا گیا۔واضح رہے کہ ہندو کونسل کے پیٹرن ان چیف اور اقلیتی رہنما رمیش کمارنے چیف جسٹس سے ملا قات کی تھی اور رحیم یار خان کے گائوں بھو نگ میں ہندو مندر جلا ئے جا نے کے واقعہ کے خلاف ایکشن لینے کی اپیل کی تھی۔مزیدبرآں اپوزیشن کے ہندو ارکان قومی اسمبلی نے توجہ دلائو نوٹس جمع کرادیا۔کھئیل داس کوہستانی نے کہا کہ آج قومی اسمبلی میں معاملہ بھرپور انداز میں اٹھایا جائے گا۔