لاہور(محمد نواز سنگرا)پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی حکام نے اپنے ہی احکامات ہوا میں اڑا دئیے ، ایکسپریس سروس کی مد میں فیلڈ ملازمین کو ان کا شیئر جاری نہ کیا گیا جس کی وجہ سے ملازمین شدید مایوس ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی نے 28دسمبر 2018کو ایک نوٹیفکیشن جاری کیا جس کے تحت ایکسپریس سروس کے تحت پراسیس ہونے والے کیسز میں فیلڈ سٹاف کا شیئر مقرر کیا گیا اور شہریوں کو ایکسپریس سروس کے تحت سہولت دی گئی کہ اگر کوئی شہری چاہتا ہے کہ اس کا کام فوری اور بغیر قطار و انتظار ہو تو وہ ایکسپریس سروس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اضافی ادائیگی کرکے فوراً اپنی فرد یا انتقال کروا سکتا ہے ۔ نوٹیفکیشن کو ڈیڑ ھ سال کا عرصہ گزر چکا لیکن حکام احکاما ت پر عملدرآمد کر انے میں ناکام ہیں ۔ ایکسپریس سروس کے تحت تمام رقم اتھارٹی کے خزانے میں جمع ہوئی لیکن ملازمین کو حصہ نہیں دیا گیا۔ پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کی ترجمان نادیہ احمد نے بتایا کہ مخصوص شیئر سنٹر ز پر تعینات سٹاف کے لئے حصہ مختص کیا گیا تھا تاکہ جو ملازمین ڈیوٹی ٹائم سے زیادہ کام کریں گے ان کو الگ سے قائم کردہ ایکسپریس کاؤنٹر پر خدمات سرانجام دینے کی مد میں رقم میں سے شیئر دیا جائے گا مگر الگ کاؤنٹر قائم نہ ہونے کی وجہ سے کام کو ڈیوٹی ٹائم میںہی تقسیم کر دیا گیا جس وجہ سے ملازمین کو شیئر جاری نہیںکیا جا رہا ، نوٹیفکیشن کو تاحال واپس نہیںلیا گیا۔