لاہور(رانا محمد عظیم)وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے ٹائیگر فورس بنا کر مستحقین میں راشن کی تقسیم اورکرونا کے حوالے سے دیگر انتظامات پر تحریک انصاف کی گلی محلوں میں بنی تنظیموں میں شدید اضطراب پایا جارہا ہے ۔یونین کونسل کی سطح پر تحریک انصاف کی تنظیموں کے عہدیداران نے باقاعدہ ضلعی اور صوبائی ذمہ داران سے پوچھنا شروع کر دیا اگر یہ سب کچھ ایک نئی فورس بنا کر کرانا ہے تو پھر ان تنظیموں اور کارکنوں کو کیوں متحرک کیا گیا،کیا قیادت کو ہم پر یقین نہیں جو وہ نئی ٹائیگر فور س بنا رہی ہے ؟ذرائع نے تصدیق کی کہ تحریک انصاف کی متعدد علاقوں کی تنظیموں کے عہدیدران نے اس حوالے سے وزیر اعظم کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے جن میں انہی خدشات کااظہار کرتے ہوئے کہا جائے گا کہ حکومتی کارکردگی سے لیکر پارٹی کی بقا کی جنگ میں جلسے جلسوں میں ہم کارکن کام کرتے ہیں لیکن جب عوام میں راشن تقسیم کرنے کا معاملہ آیا ہے تو اپنی تنظیموں پر اعتبار کی بجائے نئی ٹائیگر فورس کیوں بنائی جارہی ہے ۔کچھ اہم ترین ذمہ داران کے ذریعے وزیر اعظم کو یہ پیغام بھی پہنچا یا جار ہا ہے کہ آئندہ بلدیاتی انتخابات میں ٹائیگر فورس نے نہیں تحریک انصاف کے ذمہ داران نے الیکشن لڑنا ہے اور پارٹی امیدواروں کو جتانا ہے ۔ باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ ان خدشات کی بنا پر ٹائیگر فورس سے زیادہ تحریک انصاف کی تنظیموں کو اس حوالے سے ذمہ داری مل سکتی ہے ۔