لاہور(کامرس رپورٹر)چیئرمین پی آر اے نے کہا ہے کہ رواں سال 166 ارب روپے کا ہدف حاصل کرلیں گے جبکہ سنگل انٹری ریٹرن کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے جس کا آغاز ٹیلی کمیونیکیشن سیکٹر سے کریں گے ۔ لاہور اکنامک جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے چیئرمین نے کہا کہ ریونیو ٹارگٹ حاصل کرنے کیلئے چار اقدامات پر کام جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل بینک کی طرف سے غلط انٹری کے باعث ایف بی آر کے اکائونٹ میں جانیوالے 4,28 ارب روپے مارچ 2020 تک مل جائیں گے ، ایف بی آر سے متفرقات لین دین کی مد 19 ارب کی رقم بھی جون سے قبل ملنے کی توقع ہے ۔ انہوں نے کہا ہائی کورٹ میں پی آر اے کے نوٹسز کے خلاف لئے گئے متعدد حکم امتناعی ختم ہو چکے ہیں اور درخواست گزاروں کے ساتھ آئوٹ آف کورٹ سیٹلمنٹ کے نتیجے میں 100 ارب روپے کے کیسز میں سے 10 ارب روپے ملنے کی توقع ہے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ٹیلی کام سیکٹر سے ماضی میں ٹیکس وصولیوں کی رقم منفی تھی تاہم فروری تا جون 2020 اس شعبے میں ہونے والی گروتھ اور سیٹلمنٹ سے 5 سے 10 ارب روپے اضافی جمع ہونے کی توقع ہے ۔ مختلف ٹیکس پیئرز کے ماس آڈٹ کی وجہ سے اب تک 40 ارب روپے کے متفرقات سامنے آئے ہیں جن میں محتاط اندازے کے مطابق 10 ارب روپے تک ملنے کی توقع ہے ۔