کراچی (کامرس رپورٹر)پاکستان سے کینو کی برآمدات کا آغاز ہوگیاہے ، رواں سیزن ایکسپورٹ کا ہدف تین لاکھ ٹن مقرر کیا گیا ہے جس سے 19 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوگا۔ رواں سیزن کینو کی پیداوار 22لاکھ ٹن رہنے کا اندازہ لگایا گیا ہے جس میں سے 15 سے 20فیصد ایکسپورٹ کیا جائے گا۔ آل پاکستان فروٹ اینڈ ویجیٹبل ایکسپورٹرز امپورٹرز اینڈ مرچنٹس ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلی وحید احمد کے مطابق گزشتہ سیزن روس کی مارکیٹ میں ایکسپورٹرز کو درپیش نقصانات کو مدنظر رکھتے ہوئے رواں سیزن ایکسپورٹ کا ہدف گزشتہ سال سے پچاس ہزار ٹن کم رکھا گیا ہے ۔ ایکسپورٹرز کو روسی مارکیٹ میں سخت مسابقت کی وجہ سے لاگت سے کم پر برآمدی سودوں کی تکمیل کی وجہ سے گزشتہ سیزن چھ ملین ڈالر تک نقصان کا سامنا کرنا پڑگیا۔