لاہور (فورم رپورٹ : رانا محمد عظیم ، محمد فاروق جوہری ) عسکری امور کے ماہرین نے قراردیا ہے کہ آ رمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے کشمیر کے معاملہ پر فوجی کارروائی کے انتباہ پربھارت کو مصیبت پڑگئی ہے ۔لداخ میں چینی فوج کی کا رروائی اور سربراہ پاک فوج کے سخت بیان کے بعد بھارت کیلئے حالات تنگ ہوتے جا رہے ہیں ۔روزنامہ92نیوز فورم سے گفتگو کرتے ہوئے یوکرائن میں پاکستان کے سفیر جنرل (ر)زاہد مبشر شیخ نے کہا کہ آ رمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی جانب سے کشمیر کے سٹیٹس کو تبدیل کرنے پر بھارت کیخلاف مضبوط بیان سامنے آ یا جس پر بھارت کے اندر بھی کھلبلی مچی ہوئی ہے ۔ کشمیر کا سٹیٹس تبدیل کرنے کے بھارتی اقدام پر پاکستان کسی صورت بھی خاموش نہیں ہو گا ۔دوسری جانب چین نے لداخ پر قبضہ کرکے قصہ ہی ختم کر دیا ، بھارت ابھی تک خیالی پلائو ہی بنا رہا ہے ۔ لداخ میں 1962کی بھارت چین جنگ کے بعد اب سب سے سیریس ڈویلپمنٹ ہو ئی اور پاکستان اسکا گہری نظر سے جائزہ لے رہا ہے ۔ جنرل (ر)امجد شعیب نے کہا کہ بھارت نے آ ج تک اقوام متحدہ کی قراردادوں کو جوتے کے نیچے دبا کر رکھا ہو اہے ، الٹا پاکستان پر کشمیر میں دہشتگردی کا الزام لگاتا ہے ۔ بھارت ہماری امن کی زبان کو نہیں سمجھ رہا۔ آرمی چیف نے نہ صرف بھارت بلکہ عالمی برادری کو بھی بتا دیا کہ کشمیر پر ہم کیا کیا آ پشن استعمال کر سکتے ہیں ۔ جنرل (ر)ضیا ء الدین بٹ نے کہا کہ بھارت کو سمجھنا ہو گا کہ اگر اس نے مزید کوئی حماقت کی تو پاکستان کی طرف سے بھرپور جواب دیا جائیگا۔ بھارت کشمیر میں جو کچھ کر رہا ہے اگر ہم نے اس پر سخت رویہ نہ اپنایا تو وہ مزید خرابیاں پیدا کریگا۔