لاہور (فورم رپورٹ : رانا عظیم ، فاروق جوہری )حکومت کو چاہئے کہ ایک مرتبہ ہی ساری اپوزیشن کو جیل میں ڈال دے تاکہ اس ملک میں ایک ہی دن میں سیاسی استحکام آ جائے ۔ ان خیالا ت کا اظہا ر مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے روزنامہ92نیوز فورم سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔پیپلز پارٹی کے رہنما عبد القادر پٹیل نے کہا کہ اگر حکومت سمجھتی ہے کہ اس ملک میں اپوزیشن کی گرفتاریوں سے سیاسی استحکام آ جائے گا تو حکومت کو چاہئے کہ ایک ہی دن میں ساری اپوز یشن کو پکڑ کر اس ملک میں سیاسی استحکام لے آ ئیں۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی میں تو حکومتی جماعت سے کچھ ہوتا نہیں ، وہاں جو بھی ان کے خلاف بولتا ہے اس کو ٹارگٹ کر لیا جاتا ہے ،جب سب اپوزیشن کو اندر کر دیا جائے گا تو کوئی بھی حکومت کے خلاف بول نہیں سکے گا ۔انہوں نے کہا کہ نیب کا کرداراس وقت شکوک و شبہات سے بھرا ہو اہے ۔ نیب کے پاس حکومتی سائیڈ کے بھی کیسز ہیں لیکن ان پر ہاتھ نہیں ڈالا جا رہا کیونکہ وہ حکومت میں ہیں۔ ضیا لیگ کے سربراہ اعجاز الحق نے کہا کہ اس وقت ملک میں کوئی سیاسی حالات نہیں ہیں ۔نیب کو احتسابی عمل کراس دی بورڈ کرنا ہو گا اور احتساب ہوتا ہوا نظر آ نا چاہئے ۔ ایک سوال کے جوا ب میں انہو ں نے کہا کہ میرا ماننا یہی ہے کہ جس نے کرپشن کی ہے اس کو پکڑا جانا چاہئے اور اس سے کرپشن کا پیسہ نکلنا چاہئے لیکن اگر ایک ہی سیاسی جماعت یا فرد کے خلاف نیب کارروائیاں کرے گا تو پھر اس سے سارا احتسابی عمل مشکوک ہو جائے گا ۔ق لیگ کے رہنما کامل علی آ غا نے کہا کہ اس واقت نیب جس طرح سے کام کر رہا ہے مجھے احتسابی عمل میں پہلے سے زیادہ سنجیدگی نظر آ ئی ہے ۔