لاہور(فورم رپورٹ : رانا محمد عظیم ، محمد فاروق جوہری )باراک اوباما کی کتاب سے ثابت ہوتا ہے مغرب بڑا نسل پرست اور مذہب پرست ہے ۔دنیا کی سیاست میں اخلاقیات نام کی کوئی چیز نہیں ہے ، وہاں صرف نیشنل انٹرسٹ چلتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار دفاعی امور کے ماہرین نے روزنامہ92نیوز فورم سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ جنرل (ر)امجد شعیب نے کہا اوباما نے اپنی کتا ب میں جو انکشافات کیے وہ کسی سے ڈھکے چھپے نہیں ۔سب کو معلوم ہے پاکستان کو لیکر بھارت اپنے عوام سے جھوت بولتا ہے ۔اڑی واقعہ سے لیکر پلوامہ ڈرامہ تک مودی نے اس جھوٹ کو ووٹ لینے کیلئے استعمال کیا ۔مودی مکار انسان ہے ، اس نے کشمیر اور پاکستان کو لیکر بھارتی عوام میں نفرتیں پھیلادی ہیں ۔ مودی جائے گا تو بھارت کے جو حالات ہوں گے وہ کسی کے قابو میں نہیں ہوں گے ۔جنرل (ر) محمد منشا نے کہا اوباما ہو یا کسی بھی ملک کا صدر یا وزیر اعظم ہو وہ ہمیشہ اپنے نیشنل انٹرسٹ میں بات کرتے ہیں، ان کیلئے قومی مفاد سب سے پہلے ہوتا ہے ، عالمی سیاست میں اخلاقیات نام کی کوئی چیز نہیں ، وہاں اخلاقیات کی بجائے قومی مفاد کام کرتا ہے ۔ اومابا نے بھی جو لکھا ، اپنے قومی مفاد کیخلاف نہیں لکھا ۔صرف ہمارے ملک میں ایسے کچھ سیاستدان ہیں جو منصب سے ہٹتے ہی قومی مفادات کیخلاف بولنا شروع ہو جاتے ہیں ۔ معروف تجزیہ کار عبداﷲ گل نے کہا امریکہ کو دنیا کی واحد سپر پاور بنانے میں قربانیاں ہم نے دی تھیں لیکن امریکہ نے ہمارا یہ کردار فراموش کر دیا اور بھارت سے تعلقات بڑھا لیے ۔ اس سے یہ بھی پتہ چلتا ہے امریکی احسان فراموش لوگ ہیں اور مغرب سب سے زیادہ نسل پرست اور مذہب پرست ہے ۔