لاہور (فورم رپورٹ : رانا محمد عظیم ، محمد فاروق جوہری )خارجہ امور کے ماہرین نے قراردیا ہے کہ وقت آ گیا ہے کہ افغان امن کیلئے پاکستان کا جتنا نقصان ہوا ہے اس کو امریکہ پورا کرے جبکہ ون بیلٹ ون روڈ منصوبہ ہماری اور کئی ممالک کی لائف لائن ہے ۔ روزنامہ92نیوز فورم سے گفتگو کرتے ہوئے یوکرائن میں پاکستان کے سفیر جنرل (ر)زاہد مبشر شیخ نے کہا کہ اگر افغان امن عمل پاکستان کے بغیر ممکن ہو سکتا تو کب کا ہمیں اس سے باہر نکال دیا گیا ہوتا۔ بھارت افغانستان میں رسائی سے محروم ہو گیا ، اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان نے فارن پالیسی میں بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں،وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بالکل ٹھیک کہا کہ ون بیلٹ ون روڈ منصوبہ پاکستان کا مستقبل ہے ، پاکستان کی کشمیر پالیسی بہترین ہے ۔ معروف تجزیہ کار عبد اﷲ گل نے کہا کہ ون بیلٹ ون روڈ منصوبہ صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ دنیا کے دیگر ممالک کے کیلئے بھی مستقبل کی لائف لائن ہے ۔ پاکستان کی اہمیت اور محل وقوع کی وجہ سے اس منصوبہ میں ہمیں اہمیت اور مرکزیت حاصل ہے ، یہ منصوبہ ہماری معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کریگا۔ معروف تجزیہ کار حسن عسکری نے کہا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ملکی خارجہ پالیسی کی بھرپور عکاسی کررہے ہیں۔ اب جو افغانستان کے حالات بن چکے ہیں افغان عوام کو خود ا پنے مستقبل کا فیصلہ کرنا ہو گا۔ افغان امن عمل میں ہمار ابڑا کردار ہے ، ہم نے یہ کردار اپنا خون بہا کر بھی نبھایا ۔