کیف،ماسکو،واشنگٹن،برسلز(نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک،92نیوز رپورٹ) روس اور یوکرین انسانی امداد کے لئے عارضی جنگ بندی پر متفق ہو گئے ، دونوں ملکوں نے جنگ زدہ علاقہ چھوڑنے والوں کو بھی راستہ دینے پر اتفاق کرلیا، روس اور یوکرین کے مذاکرات اگلے ہفتے پھر ہونگے ۔ شہرچرنی ہیف پر روسی حملے سے عمارت تباہ جبکہ 33 افراد ہلاک ہو گئے ۔یوکرین کے ساحل کے قریب کارگوجہاز دھماکے کے بعد ڈوب گیا، عملے کے 6ارکان کوبچا لیا گیا۔ شہر اینیرہوڈرمیں یورپ کے سب سے بڑے جوہری پلانٹ پاور کی عمارت میں روس کی شیلنگ سے آگ لگ گئی جس سے پلانٹ کو شدیدخطرہ لاحق ہے اورتابکاری کا اخراج ہو سکتا ہے ۔یوکرینی وزیرخارجہ نے کہاپلانٹ میں دھماکہ ہوا تو چرنوبل سے 10 گنا زیادہ تباہی ہوگی، روسی افواج حملے روکیں ۔پلانٹ کے ترجمان اینڈری تز نے کہا6 میں سے ایک ری ایکٹر میں آگ لگی،پلانٹ میں جوہری ایندھن موجود ہے ۔حکومتی عہدیداروں نے کہا پلانٹ کے قریب تابکاری کا علم ہواہے جو تقریباً 25 فیصد یوکرین کو بجلی فراہم کرتا ہے ۔یوکرینی صدر نے آتشزدگی کی ویڈیو انسٹاگرام پر جاری کی اورکہاروس کے علاوہ کسی بھی ملک نے کبھی جوہری توانائی کے یونٹوں پرگولہ باری نہیں کی،دہشتگرد ریاست نے اب جوہری دہشتگردی کا سہارا لیا، شہری روس کے خلاف گوریلا جنگ شروع کریں۔عالمی جوہری توانائی ایجنسی نے کہا آگ پر یوکرینی حکام سے رابطے میں ہیں۔ امریکہ کی وزیرتوانائی جینفرگرینہونے کہا جوہری پلانٹ کومحفوظ طریقہ کارکے تحت بند کردیا گیا۔ روسی صدر پوٹن نے کہایوکرین میں ہمارے فوجی ہیرو کی طرح بہادری سے لڑ اور جانوں کی قربانیاں دے رہے ہیں،روسی اور یوکرینی ایک ہی لوگ ہیں، یوکرینی فورسز نے طلباء سمیت ہزاروں غیر ملکی شہریوں کو یرغمال بنایاہوا ہے اورشہریوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کر رہی ہیں، مغرب کی تخلیق کردہ روس مخالفت کو ختم کر یں گے ، روس کا خصوصی فوجی آپریشن پلان کے مطابق ہو رہا ہے ۔انہوں نے سعودی ولی عہدشہزادہ محمد بن سلمان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا،سعودی ولی عہد نے تنازع پر ثالثی کی پیشکش کردی اورکہااوپیک پلس معاہدے کو برقرار رکھنا ضروری ہے ۔ امریکہ نے روسی صدر کے ترجمان سمیت روس کی امیر ترین شخصیات پر نئی پابندیاں عائد کر دیں۔وائٹ ہا ئوس نے کہاانکی غیر قانونی دولت، کشتیوں، اپارٹمنٹس کو قانون کے دائرے میں لایا جائے گا۔ پینٹاگون اور روسی وزارت دفاع کے درمیان کشیدگی میں اضافے اور فوجی تصادم کو روکنے کیلئے ہاٹ لائن قائم کردی گئی۔نیٹوچیف نے کہا ہے روس یوکرین میں کلسٹربم استعمال کررہاہے ،انہوں نے یوکرینی صدرکا مطالبہ مسترد کرتے ہوئے کہایوکرین میں نوفلائی زون قائم نہیں کرینگے ۔