ماسکو (این این آئی)یوکرین پر حملے کے بعد روس پر لگائی گئی سخت پابندیوں کے پیش نظر تجارتی اور کاروباری مفادات کے تحفظ کی کوشش میں روس نے ایران کے مجوزہ جوہری معاہدے کی حمایت کرنے سے پہلے امریکہ سے ضمانتیں مانگ لیں۔ روس کی جانب سے ضمانتوں سے متعلق روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف کے بیان نے تہران کے 2015 کے جوہری معاہدے کے جلد از جلد بحالی کے امکانات کم کرد یئے ہیں۔روس کے اس اعلان پر تبصرہ کرتے ہوئے ایک ایرانی عہدیدار نے کہا کہ روسیوں نے یہ مطالبہ 2 روز پہلے ویانا مذاکرات میں رکھا، یہ سمجھا جارہا ہے کہ ویانا مذاکرات میں اپنی پوزیشن تبدیل کر کے روس دیگر معاملات میں اپنے مفادات کو محفوظ بنانا چاہتا ہے ، یہ اقدام ویانا جوہری مذاکرات کیلئے معاون نہیں ہے ۔ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سرگئی لاروف نے کہا کہ جوہری مذاکرات میں بیشتر معاملات کا احاطہ کرلیا گیا ہے لیکن انہوں نے مغربی ممالک کی جانب سے روس پر جارحانہ پابندیوں کا بھی حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس کا مطلب یہ تھا کہ ماسکو کو پہلے امریکہ سے ضمانتیں مانگنی ہوں گی۔