کیف،ماسکو،واشنگٹن،لندن(نیوز ایجنسیاں) روس نے یوکرین کے دارالحکومت کیف پر بمباری تیز کرتے ہوئے اپارٹمنٹس اور ایک سب وے سٹیشن کو تباہ کر دیا جبکہ2 ہزار کاروں میں سوار شہری ماریوپول سے انسانی راہداری کے ذریعے شہر چھوڑ کر فرار ہو گئے ، یہ شدید محاصرہ شدہ بندرگاہ سے اب تک کا سب سے بڑا انخلا ہے ۔ یوکرین کے حکام نے کہاروسی گولہ باری سے پہلے پورے کیف میں بڑے دھماکے ہوئے ۔ جنگ کے نتیجے میں بے گھر ہونے والے افراد کی تعدادتیس لاکھ ہوگئی۔یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے کہاکیف کے مغربی ضلع میں چار کثیر المنزلہ عمارتوں پر حملے کئے گئے جن میں درجنوں افراد ہلاک ہوئے ، گولہ باری سے 15 منزلہ اپارٹمنٹ میں زبردست آگ بھڑک اٹھی۔ امریکی کانگریس سے ورچوئل خطاب میں انہوں نے روسی جنگ کا پرل ہاربر اور نائن الیون حملوں سے موازنہ کیااورکہا یوکرین پر حملہ دہشتگردی ہے جو یورپ نے 80 سال سے نہیں دیکھی۔ میری خواہش ہے امریکی صدر جو بائیڈن دنیا کے بھی رہنما بنیں، دنیا کے رہنما ہونے کا مطلب امن کارہنما ہونا بھی ہے ۔ویڈیو خطاب میں انہوں نے کہاروس کے ساتھ مذاکرات جاری رہیں گے ،مذاکرات پر اسرائیلی وزیر اعظم نفتالی بینیٹ سے بات چیت ہوئی۔میڈیارپورٹس کے مطابق روس اور یوکرین میں ویڈیو لنک کے ذریعے بات چیت کا ایک اور دورہوا ۔یوکرین کے نائب وزیراعظم نے دعویٰ کیا روسی فوج نے ماریوپول کے ہسپتال پر قبضہ کرکے 400 شہریوں، مریضوں، طبی عملہ کویرغمال بنا لیا ،روسی فوج ہسپتال سے فائرنگ کر رہی ہے ۔روس کی نیم خودمختار مسلم اکثریتی آبادی والی ریاست چیچنیا کے سربراہ رمضان قادریوف چیچن دستوں کی کمانڈ کیلئے یوکرین پہنچ گئے ۔یوکرینی قیادت کو پیغام دیتے ہوئے چیچن رہنما کا کہنا تھا اب مزید وقت نہیں ، بہتر ہے ہتھیار ڈال کرہمارے ساتھ شامل ہوجاؤ۔ امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے نیٹوکے دفاع کا عزم ظاہرکیاہے ۔ان کا کہناتھا میں یوکرین میں روسی فوجی آپریشن اور علاقائی سلامتی سے متعلق دیگر امور پراپنے ہم منصبوں سے ملاقات کیلئے برسلز پہنچاہوں۔برطانیہ نے سینکڑوں روسی افراد اور اداروں پر 370 سے زیادہ نئی پابندیاں عائد کر دی ہیں اور 24 فروری کوروسی حملے کے بعد سے مجموعی طور پریہ تعداد 1000 سے زیادہ ہو گئی۔برطانیہ کا کہنا ہے نئی پابندیوں میں 100 ارب پاؤنڈکی حامل اشرافیہ پر قدغنیں عائد کی ہیں۔بحرین کے شاہ حمدبن عیسی آل خلیفہ اور روسی صدر ولادی میرپوٹن نے مزید کشیدگی سے بچنے کے لیے بات چیت کی اہمیت پر زوردیا۔روس نے کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو پرجوابی پابندی عائد کرتے ہوئے انکے اثاثے بھی منجمد کرنے کا اعلان کردیا۔پولینڈ، چیک ری پبلک اور سلووانیہ کے وزرائے اعظم نے یوکرینی دارالحکومت کیف کا دورہ کرکے یوکرین کی حمایت کا اظہار کیا۔ عالمی عدالت انصاف نے روس کو یوکرین پر فوجی حملہ ختم کرنے کا حکم دیدیا۔