لاہور( حنیف خان )محکمہ آبپاشی پنجاب میں فارم مینجرز گوجرانوالہ کے مبینہ طورپر کروڑوں روپے کے فراڈ پکڑے گئے ،کروڑوں روپے مالیت کی گندم فروخت کرکے خزانہ میں صرف لاکھوں روپے جمع کرائے ،بڑے پیمانے پر گھپلوں کے پیش نظرسیکرٹری محکمہ آبپاشی پنجاب سیف انجم نے تحقیقات کا حکم دیدیا جبکہ ذمہ داران کو نوکریو ں سے برطرف کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ سیکرٹری محکمہ آبپاشی پنجاب سیف انجم کے نوٹس میں یہ بات آئی کہ ضلع گوجرانوالہ چکاں والی ری کلیمیشن فارم یونٹ ون اور یونٹ ٹومیں گندم کی پیدوارکے فروخت میں گھپلے کئے جارہے ہیں جس پر سیکرٹری آبپاشی نے دوافسران سپرنٹنڈنگ انجینئر ڈویلپمنٹ سرکل ساہیوال خالد بشیر اورلینڈ ری کلیمیشن آفیسر عبدالرحمن پر مشتمل تحقیقاتی کمیٹی بنا دی ۔ذرائع نے بتایاکہ فارم یونٹ ون میں احمد حسن اور یونٹ ٹو میں غلام یاسین نے پیداوار کم ظاہر کرکے قومی خزانے کو 4کروڑ 20لاکھ 80ہزار سے زائد کا نقصان پہنچایا ہے ۔ فارم یونٹ ون میں مبینہ طور پرگندم فروخت کرتے ہوئے ایک کروڑ 70لاکھ ، فارم یونٹ ٹو میں 2 کروڑ 51لاکھ 70ہزار روپے کا ٹیکہ لگایا گیا ۔ذرائع نے بتایا کہ دورکنی کمیٹی نے تحقیقات مکمل کرلی ہیں اور ذمہ داران کے خلاف پیڈاایکٹ کے تحت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے اور فارم منیجرز کو نوکریوں سے برطرف کردیا جائے گا۔